آج کا دن ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے ، جام کمال خان
کوئٹہ (این این آئی )وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اہل بلوچستان کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آج کا دن نہ صرف ہمیں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا درس دیتا ہے بلکہ صبروتحمل اور ایثار کی تعلیم بھی دیتا ہے جس کی موجودہ وقت میں بے انتہا ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ملک کو درپیش چیلنجز سے کامیابی سے نمٹنا چاہتے ہیں تو ہمیں سنت ابراہیمی کو مشعل راہ بناکر اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گذارنے اور اپنے اندر برداشت وقربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا۔ اس طرح ہم شدت وانتہا پسندی کی سوچ کو بھی شکست دے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہم سے یہ تقاضا بھی کرتا ہے کہ عوامی نمائندے اور صاحب ثروت افراد اپنے خواہشات اور اپنے غیر ضروری اخراجات کو محدود کرتے ہوئے اضافی وسائل مستحق افراد کی فلاح وبہبود کے لئے بروئے کار لائیں اور اپنی خوشیوں میں معاشرے کے پسے ہوئے طبقات، غریبوں اور ناداروں کو بھی شامل کریں اور جو لوگ عید کی خوشیاں منانے کی استطاعت نہیں رکھتے ان کی مدد کریں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ قربانی کے جذبے سے سرشار قوموں اور معاشروں کو کبھی زوال نہیں آسکتا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں ملک اور صوبے میں امن واستحکام اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا جبکہ انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید کی عبادات میں ملک اور صوبے میں امن واستحکام اور ترقی کی خصوصی دعائیں مانگیں، وزیراعلیٰ نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک ، صوبے اور عوام کو ہمیشہ اپنے حفظ وامان میں رکھے اور معاشرے میں انتشار اور فساد پیدا کرنے والے افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کی ہماری کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔
جام کمال خان