نیب کے کیسوں میں گرفتار ملزم عیدجیل میں ہی گزاریں گے
لاہور(نامہ نگار)نیب کیسوں میں گرفتار وائٹ کالر ملزمان عیدالضحیٰ جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزاریں گے،نیب کے ملزمان قید تنہاہی میں رہتے رہتے ڈیپریشن کا شکار ہوگئے ہیں۔نیب نے کرپشن کیس میں 2 درجن سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھجوا رکھا ہے۔بڑے بڑے عہدوں پر فائز اور شاہانہ زندگی گزرانے والے وائٹ کالر ملزمان قید تنہائی میں عید منائیں گے،اپنے کئے پر پچھتاوے کی آگ نے ان کو ڈیپریشن کا شکار کردیا ہے۔جیل ذرائع کے مطابق اکثر وائٹ کالرملزمان رات بھر بیرکوں میں جاگتے رہتے ہیں،وائٹ کالرملزمان میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ،سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد،انجینئر قمراسلام،چیف اگزیکٹو صاف پانی وسیم اجمل، ڈی ایچ اے سٹی کے مراد ارشد، حماد ارشد اور پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما اورمتروقہ وقف املاک کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی شامل ہیں،اسی طرح پیپکو کے سابق ایم ڈی رسول خان ،فیروز پور ہاوسنگ سوسائٹی کے نذراحمد اور اس کے دو بیٹے نعیم اورندیم سمیت دیگر 15ملزمان بھی عید جیل میں گزاریں گے۔ گزشتہ روز ملزمان نے جیل اور نیب کی حراست میں اپنے بیوی بچوں سے ملاقات بھی کی۔اسی طرح لاہور کی ماتحت عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں سیکڑوں ملزمان عدالتی تعطیلات کی وجہ سے عید کے موقع پر اپنی درخواست ضمانتیں دائر نہ کرسکے جس کی وجہ سے ہزاروں ملزمان عید جیل میں ہی منائیں گے۔100 درخواستوں میں سے صرف 50ملزمان کی معمولی جرائم میں ضمانتیں منظور ہو سکی ہیں۔عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات ہونے کی وجہ سے اکثر ملزمان جیل سے وکلا ء کے ساتھ رابطے نہ ہونے کی وجہ سے عید کے موقع پر اپنی ضمانتیں دائر نہ کرسکے جن ملزمان کے رابطے ہوے انہوں نے اپنی ضمانتوں کی کوشش کی جن میں سے 50کامیاب جبکہ 50کی ضمانتیں خارج کردی گئیں۔گزشتہ روزملزمان نے 4 بجے تک اپنے عزیزواقارب سے آخری ملاقات کی اور ان سے جیل میں عید کی نماز پڑھنے کے لئے کپڑے اور دیگر اشیاء وصول کیں۔
جیل میں عید