عمران خان کی کینسرکے مرض میں مبتلا ٹینس پلیئر مہک انور کے علاج کی ہدایت
اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم عمران خان نے بطور وزیر اعظم پہلا نوٹس لیتے ہوئے کینسرکے مرض میں مبتلا ٹینس پلیئرمہک انور کے علاج کی ہدایت کر دی۔ مہک انور کے والد جوسرکاری سکول میں نائب قاصد ہیں نے وزیر اعظم سے اپنی بیٹی کے علاج کی درخواست کی تھی ۔منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بطور وزیر اعظم پہلا نوٹس لیتے ہوئے کینسرکے مرض میں مبتلا ٹینس پلیئرمہک انور کے علاج کی ہدایت کی ہے۔قبل ازیں مہک انور کے والد جوسرکاری سکول میں نائب قاصد ہیں نے میڈیا کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کی تھی کہ میری بیٹی مہک انور کینسر کے مرض میں مبتلا ہے اور آغا خان ہسپتال کراچی میں زیر علاج ہے،میری وزیر اعظم عمران خان سے درخواست ہے کہ میری کمسن بچی ہسپتال میں زیر علاج ہے،وزیر اعظم کھلاڑی کی حیثیت سے ایک کھلاڑی کے علاج کیلئے تعاون کریں۔