عید کی خوشیوں میں غرباء کو یاد رکھا جائے ،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی
کراچی( اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ اپنی انا سمیت تمام خواہشات کو رب کی رضا کی خاطر قربان کردینا عیدالاضحی کا اصل پیغال ہے۔ عید کی خوشیوں اور قربانی کے گوشت میں اپنے عزیز و اقارب خاص طور پر غرباء کو ضرور یاد رکھا جائے۔ انہوں نے آج عید الاضحی کے موقع پر جاری کردہ اپنے ایک پیغال میں کہا کہ فرمایا گیا کہ: اللہ کو تمہارے گوشت خون کی ضرورت نہیں ہے اسے صرف تمہارے تقویٰ کی ضرورت ہے۔ یعنی کتنے اخلاص اور کس نیت سے قربانی کرتے ہو۔ اللہ کے نزدیک قربانی دین ابراہیمی کی روح ہے اسی کی بدولت حضرت ابراہیم علیہ السلام کو خلیل اللہ کا اعزاز عظیم نصیب ہوا۔عید قربان ہمارے اندر اللہ کے راستے میں ایثار وقربانی کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔ صوبائی امیرنے زوردیا کہ عید کے مبارک دن فول پروف انتظامات کے ساتھ صفائی ستھرائی کے بھی بھتر اقدامات کئے جائیں،عوام بھی ایک ذمہ دار شہری کا کردار ادا کرتے ہوئے بلدیہ کے عملے کے ساتھ بھرپور تعاون اورقربانی کرتے وقت آلائشیں ودیگر بقایا جات مناسب جگہ ٹھکانے لگائیں تاکہ علاقے میں گندگی وتعفن نہ پھل سکے۔