” بڑی عید بڑا جھٹکا“ الیکشن کے لیے ضلع بدرپولیس انسپکٹرز کیساتھ کیا سلوک کیاگیا؟ جان کرہرکوئی دنگ رہ جائے گا
لاہور (ویب ڈیسک) عام انتخابات سے پہلے ضلع بدر ہونے والے پولیس انسپکٹرز کیلئے بڑی عید پر بڑا جھٹکا ، نہ تو تبادلے ہوسکے اور نہ ہی عید پر ان کو تنخواہ مل سکی، الیکشن سے قبل دیگر اضلاع میں تبدیل کئے جانے والے انسپکٹرز نے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار سے امیدیں وابستہ کرلیں، انسپکٹرز نے وزیراعلیٰ پنجاب سے عید کے موقع پر تنخواہ دینے اور ان کے تبادلے واپس ضلع میں کرنے کی درخواست کی ہے۔ روزنامہ ایکسپریس کے مطابق پولیس افسران کی ناقص حکومت عملی کے باعث ضلع بدر انسپکٹرز کو عید کے موقع پر تنخواہ نہ مل سکی، پولیس انسپکٹرز کا تبادلوں سے متعلق کشمکش کی وجہ سے لاسٹ پے سرٹیفکیٹ (ایل پی سی) نہ کٹ سکا، اے جی آف میں ایل پی سی کی عدم کٹوتی کی وجہ سے تنخواہ جاری نہ ہوسکی۔ اخباری ذرائع کے مطابق ضلع بدر پولیس انسپکٹرز نے الیکشن کمیشن کی پابندی کے باعث 31 جولائی کے بعد واپسی کرنا تھی تاہم تبادلوں پر اچانک پابندی کا فیصلہ سنادیا گیا، پولسی حکام کے تبادلوں سے متعلق فیصلے کی وجہ سے افسران کیلئے بڑی عید کی خوشی پھیکی پڑگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق محکمہ پولیس حکام نے دوسرے اضلاع میں تعینات کئے گئے افسروں کو کوئی سہولت فراہم نہیں کیں۔ ڈی ایس پیز اور انسپکٹرز اپنی مدد آپ کے تحت رہائش اور کھانے کا بندوبست کرنے پر مجبور ہیں، تنخواہ کی عدم ادائیگی پر انسپکٹرز کیلئے بڑی عید کی خوشیاں کھٹائی میں پڑگئیں۔ واضح رہے کہ عام انتخابات سے پہلے پنجاب بھر کے 267 ڈی ایس پیز اور 987 انسپکٹرز کا تبادلہ کیا گیا تھا۔ لاہور سمیت دیگر اضلاع سے تبدیل ہونے والے پولیس انسپکٹرز اس خوش فہمی میں مبتلا تھے کہ الیکشن کے بعد آئی جی پنجاب فوری احکامات جاری کردیں گے کہ پولیس انسپکٹرز اپنے اپنے ضلع میں رپورٹ کریں لیکن الیکشن گزرنے کے باوجود انسپکٹرز کے تبادلے نہ ہونے پر مذکورہ انسپکٹرز جو پہلے ہی پریشان حال تھے کہ عید کے موقع پر ان کو محکمہ کی طرف سے تنخواہ نہ ملنے پر ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ دیگر اضلاع میں تعینات انسپکٹرز کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر تنخواہ نہ ملنا ان کے ساتھ زیادتی ہے وزیراعلیٰ پنجاب کو اس بات پر فوری نوٹس لینا چاہیے۔