پی ٹی آئی کی حکومت نے عوامی مسائل میں اضافہ کیا،صاحبزادہ حامد رضا  

  پی ٹی آئی کی حکومت نے عوامی مسائل میں اضافہ کیا،صاحبزادہ حامد رضا  

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نمائندہ خصوصی)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی عدالت انصاف میں جانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی ہر دوسری عورت بیوہ ہو چکی۔ دنیا احتجاج نہیں للکار سنتی ہے اس لئے حکومت مسئلہ کشمیر پر اپنے احتجاج کو للکار اور یلغار بنائے۔ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی مایوس کن ہے۔ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت نے عوامی مسائل میں اضافہ کیا ہے۔ بھارت دریائے ستلج میں پانی چھوڑ کر آبی دہشت گردی کر رہا ہے۔ حکومت بھارتی آبی جارحیت کے خلاف آواز اٹھائے۔ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے میں اپنا کردار بڑھائے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ رضویہ میں علماء و مشائخ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کی سب سے بڑی نسل کشی میں مصروف ہے۔


مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے کشمیری ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء سے محروم ہو چکے ہیں۔ پاک بھارت جنگ ہوئی تو یہ آخری جنگ ہو گی۔ بھارت کو سبق سکھانے کا وقت آ گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں عورتیں، بچے اور بوڑھے شدید مشکلات سے دو چار ہیں۔ پاکستان کی شہ رگ سے کب تک خون بہتا رہے گا۔ مسئلہ کشمیر موثر عالمی کردار کا متقاضی ہے۔ بھارت کشمیریوں کے ناقابل تسخیر جذبے سے خوفزدہ ہے۔