پی سی بی نے ایک بار پھر احسان مانی اور گورننگ بورڈ کے اخراجات کی تفصیلات جاری کر دیں

پی سی بی نے ایک بار پھر احسان مانی اور گورننگ بورڈ کے اخراجات کی تفصیلات جاری ...
پی سی بی نے ایک بار پھر احسان مانی اور گورننگ بورڈ کے اخراجات کی تفصیلات جاری کر دیں

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پالیسی کے تحت ایک مرتبہ پھر پی سی بی کے سربراہ احسان مانی اور گورننگ بورڈ کے اخراجات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی حکام نے ہر 3 ماہ بعد اخراجات کی تفصیل ویب سائٹ پر جاری کرنے کی پالیسی اپنارکھی ہے جس کے مطابق گزشتہ ایک برس میں کرکٹ سربراہ احسان مانی کے مجموعی اخراجات ایک کروڑ 3 لاکھ 59 ہزار 76 روپے رہے۔ بورڈ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ احسان مانی نے مختلف الاؤنسسز کی مد میں 81 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم وصول کرنے سے انکار کیا ہے۔

نجی خبر رساں ادارے ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق پی سی بی چیف کی رہائش کی مد میں 26 لاکھ جبکہ 7 لاکھ روپے سے زیادہ کے اخراجات گاڑی اور ڈرائیور کی مد میں ہوئے۔ ان کے غیر ملکی دوروں پر کرکٹ بورڈ کے خزانے سے 50 لاکھ روپے نکلے جبکہ ان کی اہلیہ کے غیر ملکی دورے بورڈ کو 3 لاکھ 30 ہزار میں پڑے۔

ویب سائٹ پر جاری کردہ دیگر تفصیلات کے مطابق احسان مانی کے اندرون ملک سفر پر 8 لاکھ 92 ہزار روپے، سیکیورٹی گارڈ اور ملازمین کی مد میں 3 لاکھ 45 ہزار روپے اور گورننگ بورڈ میٹنگ کے 20 ہزار روپے خرچ ہوئے۔ ایک سال میں چیئرمین پی سی بی کی صدارت میں گورننگ بورڈز کی 5 میٹنگز مختلف شہروں میں ہوئیں جن پر 45 لاکھ سے زائد اخراجات منظر عام پر آئے ہیں۔

بورڈ ممبران نے 10 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد کی رقم میٹنگ الاؤنس جب کہ 9 لاکھ 30 ہزار روپے سے زائد رقم ڈیلی الاؤنس کی مد میں حاصل کی۔ گورننگ بورڈ ممبران کی رہائش پر 10 لاکھ 43 ہزار جب کہ 15 لاکھ روپے سفری اخراجات بھی دستاویز کا حصہ ہیں۔

مزید : کھیل


loading...