سری لنکا کی جانب سے پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار، پی سی بی کا انتہائی حیران کن موقف سامنے آ گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکا نے باضابطہ طور پر کسی بھی فیصلے سے آگاہ نہیں کیا۔
نجی خبر رساں ادارے ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق سری لنکن میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلے گی اور ان کے وزیر کھیل کا کہنا ہے کہ وہ ٹیسٹ میچوں کے بجائے 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچ پاکستان میں کھیلنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ پاکستان سری لنکا سیریز دو مرحلوں میں شیڈول ہے، پہلے مرحلے میں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شامل ہے جبکہ دسمبر میں پاکستان نے 3 ون ڈے میچوں کی میزبانی کرنی ہے۔
دوسری جانب پی سی بی ذرائع نے اس حوالے سے موقف دیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کیساتھ پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے حوالے سے ابھی بات چیت جاری ہے اور انہوں نے باضابطہ طور پر کسی بھی فیصلے سے آگاہ نہیں کیا ہے۔