سری لنکن ٹیم پاکستان میں کتنے میچز کھیلے گی ؟سری لنکا کے وزیر کھیل نے واضح کردیا
کولمبو(ڈیلی پاکستان آن لائن)سری لنکن وزیرکھیل ہارین فرنینڈو نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم رواں سال کے آخر میں ٹیسٹ سیریز کے بجائے مختصر دورانیے کے تین میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔تفصیل کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سری لنکا کو لاہور اور کراچی میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے کی پیشکش کی تھی لیکن سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے بجائے تین ون ڈے یا ٹی 20 سیریز کھیلنے کے لیے پاکستانی کا 8 روزہ دورہ کرے گی۔سری لنکن وزیر نے میچوں کی حتمی تاریخ تو نہیں بتائی تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ رواں سال کے آخر میں ہو گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سری لنکا کے سیکیورٹی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے حوالے کرک انفو نے بتایا تھا کہ سری لنکا کے سیکیورٹی وفد نے اپنے بورڈ کو انتہائی مثبت رپورٹ دی ہے جس کے بعد تمام چیزیں معمول کے مطابق ہونے پر پاکستان میں مارچ 2009 کے لاہور حملے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ واپس آسکتی ہے۔