”میرا شوہر حد سے زیادہ اطاعت گزار اور محبت کرنے والا شخص ہے“اماراتی خاتون عجیب منطق لے کر شوہر سے طلاق کے لیے عدالت پہنچ گئی
شارجہ(ڈیلی پاکستان آن لائن ) حد سے زیادہ محبت کرنے پر اماراتی خاتون نے شوہر سے طلاق مانگ لی۔عرب اخبار ’خلیج ٹائمز‘ کے مطابق شارجہ کی ایک خاتون نے عدالت میں شوہر سے طلاق دلوائے جانے کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر نے ان کے ساتھ کبھی بھی کسی طرح کی بھی سختی نہیں کی اور وہ ان سے حد سے زیادہ پیار کرتے ہیں۔خاتون کا کہنا تھا کہ ان کا شوہر ان کا انتہائی اطاعت گزار ہے، انہیں کچھ کہنے کا موقع ہی نہیں دیتا اور ہر کام از خود کرنے سمیت ان سے کوئی بحث کیے بغیر ہر کام کرلیتا ہے۔اس نے اعتراف کیا کہ ان کا شوہر ان کی جانب سے ہدایت ملے بغیر ہی گھر کی صفائی کرنا شروع کردیتے ہیں اور تو اور وہ ان کے لیے کھانا بھی تیار کرلیتے ہیں۔خاتون نے شوہر کی جانب سے حکم ملے بغیر اطاعت گزاری کرنے اور حد سے زیادہ محبت و احترام کرنے کو اپنے لیے عذاب قرار دیا۔خاتون نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ شادی کے بعد اب تک شوہر سے کسی بات پر جھگڑے یا بحث کرنے کے لیے ترس گئی ہیں۔خاتون کا کہنا تھا کہ شوہر کی محبت اور ہر کام کرنے کی وجہ سے ان کی زندگی عذاب بن گئی ہے اور وہ مزید ان کے ساتھ رہنا نہیں چاہتیں۔رپورٹ کے مطابق عدالت نے خاتون کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دونوں کو باہمی رضامندی کے ساتھ کوئی فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔