زیک کرالی کی عمدہ سنچری، انگلینڈ نے پہلے روز 4 وکٹوں پر 332 رنز بنا لئے

زیک کرالی کی عمدہ سنچری، انگلینڈ نے پہلے روز 4 وکٹوں پر 332 رنز بنا لئے
زیک کرالی کی عمدہ سنچری، انگلینڈ نے پہلے روز 4 وکٹوں پر 332 رنز بنا لئے

  

ساﺅتھمپٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلش کرکٹ ٹیم نے زیک کرالی اور جوز بٹلر کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنا لئے ہیں، زیک کرالی 171 رنز اور جوز بٹلر 87 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق روز باﺅل ساﺅتھمپٹن میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو صرف 12 کے مجموعی سکور پر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی کامیابی دلا دی اور روری برنز کو 6 کے انفرادی سکور پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ انگلینڈ کی دوسری وکٹ 73 کے مجموعی سکور پر گری اور ڈومینک سبلی 22 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 

کپتان جو روٹ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 29 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوئے جبکہ 127 کے مجموعی سکور پر یاسر شاہ نے اولی پوپ کو کلین بولڈ کر دیا جنہوں نے صرف 3 رنز بنائے۔ زیک کرالی اور جوز بٹلر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 202 رنز جڑے اور ٹیسٹ میچ پر اپنی ٹیم کی گرفت مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ زیک کرالی 171 رنز اور جوز بٹلر 87 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں جو میچ کے دوسرے روز نامکمل اننگز آگے بڑھائیں گے۔ 

کھیل کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 28 اوورز میں 107 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

مزید :

کھیل -