ایک ہفتے میں مہنگائی مزید صفر اعشاریہ 96 فیصد بڑھ گئی،ادارہ شماریات

   ایک ہفتے میں مہنگائی مزید صفر اعشاریہ 96 فیصد بڑھ گئی،ادارہ شماریات

  

 اسلام آباد(آئی این پی)ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، جس میں ایک بار پھر مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کیا گیا ہے۔ جمعہ کوادارہ شماریات اسلام آباد کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی مزید صفر اعشاریہ 96 فیصد بڑھ گئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے20 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں جبکہ چینی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ہفتے میں چینی کی اوسط 40 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، جو 95 رپے 67 پیسے سے بڑھ کر اوسطاً 96 روپے 7 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق بجلی چارجز فی یونٹ 36 پیسے بڑھ گئے، برائلر مرغی ساڑھے 5 روپے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ ٹماٹر کی قیمت میں ڈیڑھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے میں آٹا، دودھ، دہی، چھوٹا اور بڑا گوشت، چاول، دال چنا، دال مسور اور لہسن بھی مہنگا ہوا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی رونما ہوئی، جیسے انڈے 9 روپے فی درجن، پیاز 2 روپے، دال مونگ 3 روپے اور گھریلو سلنڈر 7 روپے سستا ہوا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 22 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔

ادارہ شماریات

مزید :

صفحہ آخر -