بارش نے اندرون سندھ تباہی مچا دی، آسمانی بجلی گرنے سے 4افرا دجاں بحق 

بارش نے اندرون سندھ تباہی مچا دی، آسمانی بجلی گرنے سے 4افرا دجاں بحق 

  

 حیدر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حیدر آباد سمیت اندرون سندھ موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے باپ بیٹے سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ حیسکو ریجن کے 190 فیڈرز سے بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔تفصیل کے مطابق موسلا دھار بارش سے اندرون سندھ میں تباہی مچ گئی ہے۔ آسمانی بجلی نے کئی جانیں نگل لی ہیں۔ حیدر آباد میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں جبکہ بجلی کی سپلائی بھی معطل ہوگئی۔تھرپارکر میں بارش تھر واسیوں کے لئے زحمت بن گئی۔ مٹھی میں آسمانی بجلی ڈوڑی گاؤں کے ایک گھر پر قہر بن کر گری اور باپ بیٹے کی جان لے گئی۔ چھاچھرو میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ کلوئی میں بھی متعدد مویشی ہلاک ہو گئے۔عمر کوٹ، کھپرو، کنڈیاری، کنری اور دولت پور میں بھی طوفانی بارش ہوئی۔ نوابشاہ، دادو، ٹنڈوالہ یار، لسبیلہ، میرپور خاص، شہداد پور، سانگھڑ، ٹنڈو آدم، ٹھٹھہ اور دیگر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ برسنے والے بادلوں نے ہر طرف پانی پانی کر دیا۔موسلا دھار بارش سے حیسکو ریجن میں 190 فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے متعدد اضلاع میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ادھر کراچی کے علاقے ضلع وسطی میں تھوڑی دیر کی بارش نے سب کچھ ڈبو دیا، سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ ناظم آباد، بفر زون،ضلع وسطی اور لیاقت آباد سمیت دیگر علاقوں پر پانی جمع ہو گیا۔ اس صورتحال میں سندھ سرکار بے بس ہے جبکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سندھ بارش

ہرنائی  (مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا اور موسلادھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی صوبہ بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں مون سون بارشیں جاری ہیں اور ہرنائی و گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی پہاڑی سلسلوں میں تیز طوفانی بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور رابطہ سڑکیں متاثر ہوگئیں جب کہ پنجاب قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہیں جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ہرنائی میں سیلاب کے خدشے کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا دوسری جانب بولان ندی میں طغیانی سے گیس پائپ لائن ٹوٹ گئی جس کے باعث مچھ کو گیس کی فراہمی منقطع ہوگئی۔

بلوچستان بارشیں 

مزید :

صفحہ آخر -