بارش نے سندھ حکومت کے دعوں کی قلعی کھول دی، آفتاب صدیقی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے کہا کہ سندھ حکومت دیگر صوبوں پر تنقید کے نشتر چلانے کے بجائے صوبہ سندھ پر توجہ دے۔صوبہ سندھ اس وقت بے یار و مددگار ہے،سندھ حکومت کی نااہلی نے عروس البلاد کراچی کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کرد یا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں مون سون کے حالیہ اسپیل سے کراچی کی سڑکیں ایک برپھر دریا کا منظر پیش کر رہی ہیں۔مگر پیشگی پیش گوئی کے باوجود سندھ حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کیے۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ نئے ضلع بنانے والے ضلع جنوبی اور ضلع ملیر کی حالت زار دیکھے۔ جابجا گندگی،سیوریج کا گندا پانی اور ٹوٹی سڑکیں شہریوں کی زندگی اجیرن کرنے کے لیے کافی ہے۔سندھ حکومت نے کوئی ایک کام بھی عوام کی فلاح کے لیے نہیں کیا۔آفتاب صدیقی نے مزید کہا کہ مرتضی وہاب اور ناصر حسین شاہ صرف بیانات کے لیے میڈیا پر موجود رہتے ہیں مگر عملی کارکردگی صفر ہے۔آج کی بارش نے سندھ حکومت کے دعوں کی قلعی ایک بار پھر کھول دی ہے۔کراچی سمیت سندھ کی باشعور عوام جان گئی ہے کہ انکے حقوق کے لئے آواز صرف صرف پی ٹی آئی بلند کر سکتی ہے۔سندھ حکومت نے جس طرح 12 سالوں میں روشنیوں کے شہر کو پہلے تاریک کیا اور اب مکمل تباہ کرنے پر تلی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی ہمارے دل میں دھڑکتا ہے اور کراچی کے ساتھ مظالم کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔