محرم الحرام غیر معمولی اقدامات کا متقاضی، دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائینگے: عثمان بزدار

    محرم الحرام غیر معمولی اقدامات کا متقاضی، دشمن کی سازشوں کو ناکام ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور (جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں سید الشہداء امام حسین ؓکی راہ حق میں لازوال قربانی کی یاد دلاتا ہے، امام حسینؓ کی قربانی اور اس ماہ کا تقدس مسلمانوں میں اتحاداور یکجہتی کا متقاضی ہے،صوبے میں فرقہ ورانہ ہم آہنگی کے لئے اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا کردار ہمیشہ سے قابل قدرہے، علماء کرام کے تعاون، حکومت کے انتظامی اقدامات اور ذرائع ابلاغ کے مثبت کردار کی وجہ سے امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔گزشتہ روزیہاں اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردارعثمان بزدار نے کہاکہ اتحاد بین المسلمین کمیٹی تمام مکاتب فکر کا نمائندہ فورم ہے۔احتیاط کے پیش نظر محرم الحرام کے دوران بھی کورونا ایس او پیز کو مد نظر رکھاجائے گا۔ علماء کرام کی تمام ترقابل عمل سفارشات اور تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے گا۔ محرم الحرام کے لئے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔حکومت پنجاب مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے گی۔  انتظامیہ اور سکیورٹی ادارے مربوط مواصلاتی نظام کے ذریعے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں گے۔سینئر پولیس اور انتظامی افسر تمام جلوسوں کی خود مانیٹرنگ کریں گے۔اسلحہ،لاؤڈ سپیکر، وال چاکنگ اور فرقہ وارانہ مواد کی نشرواشاعت پر پابندی کے قانون پر موثر انداز میں عملدرآمد کرایا جائے گا۔اجلاس میں علماء کرام نے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کوخراج تحسین پیش کیا۔علماء کرام نے اجلاس میں صوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے قلع قمع کیلئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں اور کہا کہ ہم حکومت پنجاب کی وساطت سے پوری قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ محراب و منبر دفاع وطن اور قومی وملی سلامتی کے تقاضوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔ہم ضرورت پڑنے پر،پوری قوم کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحدو متفق کھڑ ے ہوں گے۔ محرم الحرام کے دوران امن وامان کے قیام کیلئے انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارسے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ترقیاتی منصوبوں، انتظامی معاملات اور سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔
عثمان بزدار 

مزید :

صفحہ اول -