جامعہ اسلامیہ کے تحت صحرائے  چولستان میں شجرکاری مہم

جامعہ اسلامیہ کے تحت صحرائے  چولستان میں شجرکاری مہم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بہاول پور(بیورورپورٹ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)  انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی (بقیہ نمبر42صفحہ6پر)
ہدایت پر کلین اور گرین پاکستان مہم کے تحت حالیہ موسم برسات میں جامعہ کے تمام کیمپسوں کے ساتھ ساتھ صحرائے چولستان میں بھی شجر کاری مہم جاری ہے۔ چولستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزٹ سٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے حالیہ بارشوں کے دوران چولستان کے مختلف علاقوں میں نباتات اور حیوانات کی افزائش اور قدرتی ماحول کی بقاء  اور تحفظ کے لیے مقامی پودوں کے بیجوں کو بکھیرنے کی سرگرمی کا اہتمام کیا۔ موسمیاتی تنوع، گلوبل وارمنگ اور انسانی سرگرمیوں میں اضافے کی وجہ سے چولستانی حیاتیات بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ گزشتہ کچھ برسوں سے خشک سالی، ایندھن اور دیگر مقاصد کے لیے چولستانی نباتات اور درختوں کی کٹائی اور چراگاہوں کے ضرورت سے زیادہ استعمال کے باعث پورے صحرا میں قدرتی گھاس، پودوں اور درختوں کی افزائش میں کمی آگئی ہے۔ خوراک کی کمی کے باعث سائبیریا کے علاقوں سے ہجرت کر کے آنے والے پرندے بھی بہت زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ جامعہ اسلامیہ کے ماہرین نباتیات نے 45اقسام کے پودوں کے بیج چولستان کے مختلف علاقوں میں بکھیرے۔ اس مقصد کے لیے چولستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزرٹ سٹڈیز کی لیبارٹر ی میں ایک خصوصی سیڈ بینک قائم کیا گیا ہے جہاں پر چولستان میں موجود تمام پودوں، جڑی بوٹیوں، درختوں اور گھاس پھوس کے بیجوں کو ذخیرہ کیا گیا ہے۔ اِسی لیے یونیورسٹی کی جانب سے بیجوں کے بکھیر کا اہتمام کیا گیا تاکہ قدرتی نباتات بارشوں کے باعث پھلیں پھولیں اور جانور اور پرندے بھی ان سے مستفید ہوں۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب،وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے اس ماحول دوست سرگرمی خصوصاً چولستان کی نباتاتی اور حیوانی حیات کے فروغ کے لیے پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم ڈائریکٹر چولستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزرٹ سٹڈیز اورڈاکٹر محمد عبداللہ اسسٹنٹ پروفیسر کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
شجرکاری