صوابی میں مختلف واقعات کے دوران 2افراد جاں بحق، 3زخمی
صوابی(بیورورپورٹ)ضلع صوابی میں مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق جب کہ تین زخمی ہو گئے۔ پولیس تھانہ ٹوپی کی رپورٹ کے مطابق نبیل احمد ولد فضل ربی سکنہ بیسک حال مرغز کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ مقتول کی بیوہ کی رپورٹ پر پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ دریں اثناء موضع بٹاکڑہ میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا بتایا گیا ہے کہ میزان ولد شاہد اپنے گھر میں پنکھا ٹھیک کر رہا تھا کرنٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا۔جب کہ صوابی جہانگیرہ روڈ پر کنڈ پارک کے قریب موٹر کار اور موٹر سائیکل کے مابین تصادم کے نتیجے میں 33سالہ حضرت نبی، 31سالہ عامر اور 27سالہ کامران شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو1122کی میڈیکل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی طبی امداد کے بعد مجروحین کو باچاخان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور منتقل کر دیا۔