حکومت کا نواز شریف کو واپس لانے کیلئے برطانیہ کو دوبارہ خط لکھنے کا اعلان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) وفاقی حکومت نے سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کو لندن سے واپس لانے کیلئے ایک بار پھر دفتر خارجہ کے ذریعے برطانیہ کو خط لکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ نوازشریف کو واپس لانے کیلئے تمام قانونی ذرائع استعمال کریں گے،میڈیکل رپورٹس میں ہیر پھیر کے ذریعے علاج کے لیے لندن گئے اور اب وہاں بیٹھ کر سیاست کررہے ہیں،نوارشریف کی میڈیکل رپورٹس کا فورنزک کرایا جائیگا،اپوزیشن پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں جانے کے خطرات سے بخوبی آگاہ ہونے کے باوجود این آراو کے حصول کیلئے بلیک میلنگ کررہی ہے،اگر پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کردیا گیا تو اس کی ذمہ داری اپوزیشن پر ہوگی،مریم نوازشریف کوئی سیاسی رہنما نہیں،مریم نواز تقریریں کرنے کی بجائے نیب کے سوالات کے جواب دیں۔ ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی بلیک لسٹ میں جانے کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان سرمایہ کاری کرنے سے کترائیں گے اور کرنسی پر بھی دباؤ آئے گا، چیزیں مہنگی ہوجائیں گی جس سے عوام کو تکلیف پہنچے گی۔انہوں نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں آنے کے نقصانات جانتے ہوئے بھی ہم نے دیکھا کہ اپوزیشن اس پر بھی سیاست کررہی ہے اور سیاست تو انہوں نے حکومت کے پہلے دن کہ جب وزیراعظم نے حلف اٹھایا تھا اسی روز سے شروع کردی تھی، یہ پہلے دن سے کہنا شروع ہوگئے تھے کہ حکومت ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جانب اپوزیشن یہ چاہتی تھی کہ لوگ بھوک سے بے شک مرجائیں لیکن کورونا سے نہ مریں جو عجیب منطق تھی لیکن وزیراعظم نے مستقل مزاجی سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس مشکل سے نکال دیا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ایسے ہی نہیں کہتے کہ یہ این آر او مانگ رہے ہیں، اب ایف اے ٹی ایف کے کچھ قوانین منظور ہوگئے ہیں تاہم ابھی بھی چند باقی ہیں تاہم اپوزیشن کی پوری کوشش ہے کہ اس پر مذاکرات کرے کہ حکومت ان کو این آر او دے۔ایک دستاویز دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ مسودہ اپوزیشن نے ہمیں بھیجا ہے جس میں ایک بل کے 37 پوائنٹس میں سے 34 پوائنٹس تبدیل کروانا چاہتے ہیں اور یہ تبدیلی ایسی نہیں کہ ملک اوپر چلا جائے کیوں کہ اس سے ملک کو فائدہ ہوتا تو ہم 100 مرتبہ کرتے تاہم انہوں نے کرپشن کی تشریح بھی اپنی مرضی کے مطابق کی ہوئی ہے یہ چاہتے ہیں کہ انہیں بالکل چھوٹ مل جائے۔وزیراطلاعات نے کہا کہ اس قسم کی بلیک میلنگ میں عمران خان نہ پہلے آئے تھے نہ اب آئیں گے بلکہ ہم ہمارا عزم زیاد مضبوط ہوگیا ہے کہ جہاں تک کرپشن کا تعلق ہے ہم کسی صورت ان کو ریلیف نہیں دیں گے کیوں کہ جو مہنگائی ہے اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے ملک کا نظام اس طرح چلایا کہ اداروں اور معیشت دونوں کو تباہ کردیا۔ قبل ازیں اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز سے سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی، جس میں دونوں اطراف کے میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں تعاو ن کو تقویت دینے،ٹی وی ڈراموں کے تبادلے، ایک دوسرے کے ممالک میں فلموں کی نمائش پر زور اورمسلمان مشاہیر کی زندگی،ان کی کامیابیوں اور اسلامی اقدار کو اجاگر کرنیوا لے پروگراموں کی تیاری پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر شبلی فراز نے کہا پاک سعودی تعلقات ہمیشہ کی طرح مضبوط اور مستحکم ہیں،تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں،اہل پاکستان خادمین حرمین شریفین کا بے حد احترام کرتے ہیں۔اس موقع پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہاسعودی عرب وزیر اعظم عمران خان کیلئے نیک تمناؤں کے اظہار اور حمایت کیلئے سب سے آگے رہا۔
شبلی فراز