زمبابوے کرکٹ ٹیم اکتوبر میں پاکستان آئیگی: وسیم خان 

زمبابوے کرکٹ ٹیم اکتوبر میں پاکستان آئیگی: وسیم خان 

  

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچز کیلئے زمبابوے کی ٹیم اکتوبر کے وسط میں پاکستان پہنچے گی۔برٹش ایشین ٹرسٹ کے ویبینار میں گفتگو کے دوران وسیم خان نے کہا کہ کورونا وائرس وبا کی وجہ سے سب کچھ رکا ہوا تھا، ایسے میں کرکٹ کی واپسی بھی اہم تھی، انگلینڈ ٹیم بھیجنا آسان فیصلہ نہ تھا، جب 10پلیئرز کے ٹیسٹ مثبت آئے اس کے بعد کافی دباو بھی تھا۔وسیم خان کا کہنا تھا  کہ پاکستان میں اکتوبر سے کرکٹ سیزن شروع کرنے پر کام ہورہا ہے، ڈومیسٹک سیزن اور انٹرنیشنل سیریز کیلئے بائیو سیکیور ماحول کی تیاری کی جارہی ہے اور اس کے لئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے بھی رہنمائی لی جارہی ہے کیوں کہ انگلش بورڈ کو بائیو سیکیور ماحول کی تیاری کا تجربہ ہوچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عبوری پروگرام کے تحت زمبابوے کی ٹیم 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے اکتوبر کی 20 تاریخ کو پاکستان پہنچے گی اور دو ہفتے قرنطینہ میں گزارے گی جس کے بعد نومبر کے پہلے ہفتے سے سیریز کا آغاز ہوجائے گا انہو ں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا حالات میں بھی صرف کرکٹ کی بحالی کے لئے اپنی ٹیم کو انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا جس کو پوری دنیا سراہ رہی ہے اور ہمیں اس بات کی بہت زیادہ خوشی ہے کہ ہماری وجہ سے کرکٹ کی سر گرمیاں بحال ہونے کی مدد ملی وسیم خان نے مزید کہا کہ زمبابوین ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند بات ہے اور ہم دوسرے ممالک کے کرکٹ بورڈز سے بھی اس حوالے سے بات چیت کررہے ہیں امید ہے کہ وہاں سے بھی ہمیں مثبت جواب ملے گا اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی جلد ہوجائے گی جس کے لئے پی سی بی کوششیں کررہا ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -