کراچی میں آج بھی ہلکی و تیز بارش ہونے کا امکان

کراچی میں آج بھی ہلکی و تیز بارش ہونے کا امکان
کراچی میں آج بھی ہلکی و تیز بارش ہونے کا امکان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز کی طرح آج بھی شہر قائد میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ منگل تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔
کراچی میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے نتیجے میں سیلابی ریلے کی کیفیت پیدا ہوگئی تھی جب کہ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی تھیں۔ شہر کے کچھ علاقوں میں نالے ابل گئے تھے اورگندا پانی کئی علاقوں کے گھروں میں داخل ہوگیا تھا جب کہ گلیاں تالاب کے مناظر پیش کررہی تھیں۔
متعدد گاڑیاں انجن بند ہوجانے کے باعث پانی میں ڈوب گئی تھیں، بسیں خراب ہو کر ٹریفک کی روانی میں خلل کا سبب بن رہی تھیں اور موٹرسائیکل سوار اپنی بند گاڑیوں کو دھکا دے کر انہیں پانی سے نکالنے کی کوشش کررہے تھے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں ہوئی تھی جو 170 ملی میٹرریکارڈ کی گئی ہے جب کہ نیوکراچی میں 88 ملی میٹر اور ناظم آباد میں 85.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز گلشن حدید میں 77 ملی میٹر، پی اے ایف بیس مسرور میں44.5 ملی میٹر اور لانڈھی میں 20.5 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔کراچی میں بارش ہوتے ہی جب سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، گلیاں تالاب اور محلے سوئمنگ پولز میں تبدیل ہوئے تو ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثرہوئی۔
سندھ رینجرز ایسی صورتحال میں فوری طورپر شہریوں کی مدد کے لیے پہنچی اور امدادی کاموں میں مصروف ہوگئی۔ سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق رینجرز نے ٹریفک کی روانی بحال کرانے میں ٹریفک پولیس کی بھرپور مدد کی۔کراچی میں ہونے والی تیز بارش کے بعد نادرن بائی پاس پر بھی ٹریفک جام ہو گیا اور لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
گزشتہ روز شہر قائد میں ہونے والی بارش کے باعث بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ درجنوں فیڈرز ٹرپ کر جانے کے نتیجے میں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیوکراچی، لیاقت آباد، نصرت بھٹو کالونی، سہراب گوٹھ، سرجانی ٹاون، گلشن اقبال، گلشن حدید، رزاق آباد، کاٹھور اور گڈاپ سمیت دیگر کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
مختلف علاقہ مکینوں نے بتایا کہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا یا گیا ہے۔ ایسے علاقوں سے بھی لوڈ شیڈنگ کی اطلاعات مل رہی ہیں جو اس سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔ مکینوں کے مطابق لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔