ڈاکٹر ماہا خودکشی، پستول مالک نے پولیس سے رابطہ کرلیا
کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ڈاکٹر ماہا کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں استعمال ہونے والی پستول کے مالک نے خود ہی پولیس سے رابطہ کرلیا ہے۔
ڈیفنس کے علاقے میں ڈاکٹر ماہا کی مبینہ خود کشی کے معاملے پر پولیس کی تحقیقات میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں،ڈاکٹر ماہا کی مبینہ خودکشی میں استعمال ہونے والی پستول کے مالک نے پولیس سے رابطہ کیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق پستول کے مالک سعد نصیر کے اہلخانہ سے ماہا علی کے اہلخانہ نے رابطہ کیا تھا، سعد نصیر ڈیفنس کا رہائشی ہے اور شادی شدہ ہے، سعد نصیر نے پولیس افسر سے رابطہ کیا اور پستول کے حوالے سے اہم معلومات دیں۔
پولیس نے بتایا کہ سعد نصیر نے اسلحہ اپنے ایک دوست کو دیا تھا، ڈاکٹر کو اسلحہ دوست نے دیا یا کسی اور کے ذریعے پہنچا، سعد نصیر نے تھانے آکر سرکاری طور پر بیان قلمبند نہیں کرایا ہے۔پولیس ڈاکٹر ماہا کے اہلخانہ اور اسکے ایک دوست کا بیان پہلے ہی قلمبند کرچکی ہے۔
واضح رہے کہ سعد نصیر نامی شخص نے اسلحہ 2010 ءمیں بشیر خان ٹریڈنگ کمپنی سے خریدا تھا، جبکہ ڈاکٹر ماہا علی شاہ کے دوست جنید نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اور ڈاکٹر ماہا جلد شادی کرنے والے تھے۔