ساتھی اداکارہ ماڈل نازش جہانگیر سمیت گرفتاری کی خبروں پر گلوکار محسن عباس حیدر کا ردعمل بھی آگیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)اداکار محسن عباس حیدر کی سابق اہلیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ محسن حید راور اداکارہ و ماڈل نازش جہانگیر کو گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم اب محسن حیدر کا موقف بھی آگیا، ایک جم سے جاری ویڈیو میں محسن حیدر نے گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جم میں ہیں، تین سیٹ کرچکے ہیں، اتنے تھکے ہیں کہ اب تو کوئی آئے اور اٹھا کر لے جائے ۔
نجی ٹی وی 42 نیوز نے ایم ایچ ایف میگزین کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اداکار گلوکار محسن عباس حیدر اور اداکارہ ماڈل نازش جہانگیر کو کل کراچی میں گرفتار کیا ہے، یہ بھی کہا گیا کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے ان دونوں کے خلاف شواہد اکٹھا کئے جانے کے بعد ، محسن عباس اور نازش جہانگیر دونوں سے بلیک میلنگ، ہراساں کرنے، جعلی تصاویر اور ویڈیوز کے الزامات کے بارے میں تفتیش کی جارہی ہے۔ایف آئی اے نے محسن عباس حیدر کی سابقہ اہلیہ فاطمہ سہیل کے ذریعہ دائر شکایت پر کارروائی کی ہے جو اپنے شوہر اور اس کی نام نہاد گرل فرینڈ کے بارے میں شدید اور سنجیدہ شکایات کے ساتھ میڈیا پر آئیں۔
صرف یہی نہیں بلکہ گلوکار کی سابق اہلیہفاطمہ سہیل نے بھی اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا تھا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے کراچی میں کی جانے والی کارروائی کے دوران محسن عباس حیدر اور ناش جہانگیر کو گرفتار کرلیا ہے۔رپورٹ کے مطابق محسن عباس کی سابقہ اہلیہ فاطمہ سہیل کی جانب سے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں شکایت درج کروائی گئی تھی کہ ان کے سابقہ شوہر اور نازش جہانگیر دونوں انہیں سوشل میڈیا پر بلیک میل کر رہے ہیں۔
فاطمہ سہیل کے مطابق اُن کی شکایت پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے جمعہ کے روز کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے محسن عباس اور ان کی دوست معروف ماڈل نازش جہانگیر کو اُن کے اپارٹمنٹ سے گرفتار کرلیا ہے۔
دوسری جانب محسن عباس حیدر نے نازش جہانگیر کے ساتھ آئسکریم کھاتےہوئے تصویریں شیئر کیں جس پر مداحوں کی بڑی تعداد نے گرفتاری سے متعلق سوالات کی بوچھاڑ کردی۔مداحوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے محسن عباس نے کہا کہ وہ جیل میں نہیں جِم میں ہیں،صارف نامی صارف کا جواب دیتے ہوئے محسن نے لکھا کہ اُن کی سابقہ اہلیہ یہ سب محض سستی شہرت کے لیے کررہی ہیں۔
سحرش نے اپنے کمنٹ میں فاطمہ سہیل کی جگہ غلطی سے عائشہ سہیل لکھا تھا جس کی نشاندہی کرتے ہوئے محسن عباس نے لکھا کہ ’سحرش آپ کو اُن کا نام تک یاد نہیں ، کتنی غط بات ہے یہ۔‘بعد ازاں محسن نے جِم میں ورک آؤٹ کرتے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں بتایا کہ وہ ورک آؤٹ کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ فاطمہ سہیل نے محسن عباس پر الزامات عائد کیے تھے کہ وہ انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں، جس کے بعد دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔
اس سے قبل فاطمہ سہیل کی شکایت پر محسن عباس کو لاہور میں بھی گرفتار کیا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں ضمانت مل گئی تھی۔