اسلام آباد میں دن دیہاڑے جان بچانے کیلئے بھاگتا شہری قتل، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں دن دیہاڑے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئیں جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 تھانہ گولڑہ کی حدود میں 5 مسلح افراد نے شہری صفی اللہ کو گھر کے گیراج میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔شہری جان بچانے کے لیے گھر کا گیٹ پھلانگ کر گیراج میں داخل ہوا لیکن اس کے باوجود قاتلوں نے پیچھا نہ چھوڑا اور گھر میں گھس کر شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول پشاور کا رہائشی تھا اور واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے تاہم واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
دن دیہاڑے جی تیرہ میں دیواریں پھلانگتے ہوئے گھر میں گھس کر چار نامعلوم افراد نے صفی اللہ نامی شہری کو قتل کر دیا۔۔۔
— Noorulamin Danish (@Noorulamin000) August 21, 2020
اندوہناک واردات کی سی سی ٹی وی فٹیج ملاحظہ کریں pic.twitter.com/91pjoSCVR9
پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد گاڑی اور ملزمان کی شناخت ہو گئی جبکہ ملزمان کے فنگر پرنٹس بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دے کر روانہ کر دیں ہیں۔دو روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دو فریقین کے درمیان جائیداد تنازعہ کے باعث اکبر پورہ میں پیش آیا تھا اور ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے تاہم ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔