لیبیا کی حکومت نے ملک بھر میں فوری جنگ بندی کا اعلان کردیا
طرابلس(آئی این پی)لیبیا میں اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ حکومت (جی این اے) نے ملک بھر میں فوری جنگ بندی کے ساتھ پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کا اعلان کردیا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لیبیا کی حکومت نے سرت شہر سے بھی فوج ہٹانے کی بات کی ہے جس کے بعد 9 سال خانہ جنگی کے شکار ملک میں امن کی بحالی کی امیدیں پیدا ہوئی ہیں۔جی این اے کی جانب سے مارچ میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کا بھی اعلان کردیا گیا ہے اور تیل کی دولت سے بھرپور ملک نے تیل کی برآمد میں حائل رکاوٹوں کو بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جی این اے کے سربراہ فیاض السراج نے تمام سیکیورٹی فورسز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ فوری طور پر جنگ بندی کی جائے اور ملک بھر میں جاری کارروائیوں کو ختم کردیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس اعلان کا مقصد لیبیا کی حدود میں مکمل خود مختاری اور بیرونی فورسز کی بے دخلی کویقینی بنانا ہے۔جی این اے کے اعلان کے بعد مشرقی فورسز کے کمانڈر خلیفہ حفتر کی فورسز کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم انہوں نے جون میں مصر کی ثالثی پر جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔