’ہماری شادی ہونے والی تھی‘ ڈاکٹر ماہا کے دوست نے انکشاف کردیا، تفتیش کو نیا رُخ دے دیا

’ہماری شادی ہونے والی تھی‘ ڈاکٹر ماہا کے دوست نے انکشاف کردیا، تفتیش کو نیا ...
’ہماری شادی ہونے والی تھی‘ ڈاکٹر ماہا کے دوست نے انکشاف کردیا، تفتیش کو نیا رُخ دے دیا

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا سٹار ڈاکٹر ماہا کی خودکشی نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اب ان کے کیس میں ایک اہم موڑ آ گیا ہے۔ ان کے ایک قریبی دوست نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اور ڈاکٹر ماہا بہت جلد شادی کرنے والے تھے۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق ڈاکٹر ماہا کے اس دوست کا نام جنید ہے جس نے بتایا ہے کہ وہ اور ڈاکٹر ماہا گزشتہ 4سال سے تعلق میں تھے اور جلد ہی شادی کرنے والے تھے۔ 

جنید کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹر ماہا کو روزانہ اس کے ہسپتال چھوڑنے اور لینے جایا کرتا تھا۔ وہ ڈاکٹر ماہا کو گھر سے پک کرتا اور وہیں لا کر چھوڑتا تھا تاہم جس روز ڈاکٹر ماہا نے خودکشی کی اس روز اس نے جنید کو گھر آنے سے منع کر دیا تھا۔ جنید نے بیان میں بتایا کہ ماہا کا اکثر اپنے والدین کے ساتھ جھگڑا رہتا تھا اور وہ گھریلو پریشانیوں کی وجہ سے ڈپریشن میں رہتی تھی۔ دوسری جس پستول سے ڈاکٹر ماہا نے خودکشی کی اس کے مالک کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے۔ اس شخص کا نام سعد نصیر ہے اور وہ بھی ڈیفنس ہی کا رہائشی ہے۔ یہ پستول اس نے 2010ءمیں خریدا تھا۔ سعد نصیر سے یہ پستول اس کے ایک دوست نے لیا تھا اور سعد کا کہنا ہے کہ ”مجھے معلوم نہیں کہ ڈاکٹر ماہا کو پستول میرے اس دوست نے دیا یا کسی اور شخص کے ذریعے اس تک پہنچا۔“ پولیس نے سعد نصیر سے بھی رابطہ کر لیا ہے اور جلد اس کا بھی سرکاری طور پر بیان قلمبند کیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -