اب لاہوری بجلی ،گیس ،پانی کے ساتھ ساتھ کوڑا اٹھانے کا بل بھی دیں گے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے نیا فنانشل ماڈل تیار کرلیاجس کے مطابق پنجاب حکومت پرمالی دباو کم کرنے کے لیے لاہوریوں سے صفائی فیس کی مد میں ساڑھے 8 ارب روپے اکٹھے کیے جائیں گے۔
نجی نیوز چینل سٹی 42کے مطابق بجلی گیس پانی کے بعد اب صفا ئی کا بھی بل آئے گا، پنجاب حکومت نے صفائی ستھرائی چارجز گھر گھر سے وصولی کا فیصلہ کرلیا،ایل ڈبلیو ایم سی کا نیا فنا نشل ماڈل تیار ہوگیا، مہنگائی کے مارے لاہوریوں پر ماہانہ بوجھ ڈال کر حکومتی خزانے کوسالانہ ساڑھے آٹھ ارب کا ریلیف دیا جائے گا،وصولی بجلی کے بلوں کے ذریعہ ہوگی، بدلے میں کوڑا گھروں سے اٹھانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔
نئے مجوزہ نظام کے تحت اب صارفین کے گھروں سے کوڑا اٹھایا جائے گا،جس کے عوض ان سے ماہانہ فیس وصول کی جائےگی،نئے فنانشل ماڈل کے تحت پنجاب حکومت پرمالی دباو کم کرنے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی لاہوریوں سے صفائی فیس کی مد میں ساڑھے8 ارب روپے وصول کرے گا۔ذرائع کا کہناتھا کہ اس اقدام سے پنجاب حکومت پر مالی بوجھ کم ہو کر صرف 6 ارب روپے تک رہ جائے گا،اس وقت پنجاب حکومت ایل ڈبلیو ایم سی کو14 ارب روپے ادا کررہی ہے،صارفین سے صفائی فیس کی وصولی بجلی کے بلوں کے ذریعے کرنے کی تجویز بھی زیرغور ہے۔