ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ میں زیک کرالی اور جوز بٹلر کی عمدہ بیٹنگ، انگلینڈ نے پہلی اننگز میں رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا

ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ میں زیک کرالی اور جوز بٹلر کی عمدہ بیٹنگ، انگلینڈ نے پہلی ...
ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ میں زیک کرالی اور جوز بٹلر کی عمدہ بیٹنگ، انگلینڈ نے پہلی اننگز میں رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا

  

ساﺅتھمپٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پہلی اننگز 583 رنز 8 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈکلیئر کر دی ہے۔ انگلینڈ کے زیک کرالی نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری مکمل کی اور 267 رنز بنائے جبکہ جوز بٹلر نے 152 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

تفصیلات کے مطابق دی روزباﺅل ساﺅتھمپٹن میں جاری میچ کے دوسرے روز زیک کرالی اور جوز بٹلر نے 332 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو کسی پاکستانی باﺅلر کی ایک نہ چلنے دی۔ دونوں نے پراعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 359 رنز جوڑے اور مجموعی سکور 486 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر زیک کرالی اسد شفیق کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہو گئے، انہوں نے انتہائی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 267 رنز بنائے جبکہ جوز بٹلر نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا جنہوں نے 152 رنز بنائے اور فواد عالم کی گیند پر ان کے ہاتھوں ہی کیچ ہو گئے۔ دیگر بلے بازوں میں کرس ووکس 40، ڈومینک بیس 27 اور سٹورٹ براڈ 15 رنز بنا سکے۔ 

پاکستان کی جانب سے فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی، لیگ سپنر یاسر شاہ اور آل راﺅنڈر فواد عالم نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نوجوان فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ اور اسد شفیق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

قبل ازیں میچ کے پہلے روز انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو صرف 12 کے مجموعی سکور پر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی کامیابی دلا دی اور روری برنز کو 6 کے انفرادی سکور پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ انگلینڈ کی دوسری وکٹ 73 کے مجموعی سکور پر گری اور ڈومینک سبلی 22 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 

کپتان جو روٹ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 29 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوئے جبکہ 127 کے مجموعی سکور پر یاسر شاہ نے اولی پوپ کو کلین بولڈ کر دیا جنہوں نے صرف 3 رنز بنائے۔ زیک کرالی اور جوز بٹلر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 202 رنز جڑے اور ٹیسٹ میچ پر اپنی ٹیم کی گرفت مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ زیک کرالی 171 رنز اور جوز بٹلر 87 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں جو میچ کے دوسرے روز نامکمل اننگز آگے بڑھائیں گے۔ 

مزید :

کھیل -