ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم، پاکستان کے پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 24 رنز، 559 رنز کا خسارہ باقی

ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم، پاکستان کے پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر ...
ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم، پاکستان کے پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 24 رنز، 559 رنز کا خسارہ باقی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ساﺅتھمپٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پاکستانی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنا لئے ہیں جبکہ اسے مزید 559 رنز کے خسارے کا سامنا ہے، اظہر علی 4 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق دی روز باﺅل ساﺅتھمپٹن میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ نے پہلی اننگز 583 رنز 8 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈکلیئر کی جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم کے بلے باز ابتداءمیں ہی لڑکھڑا گئے ہیں۔ پہلے میچ میں سنچری بنانے والے شان مسعود دوسرے ٹیسٹ کے بعد اب تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی ناکام رہے اور صرف 4 رنز بنا کر انگلینڈ کیلئے پہلی کامیابی ثابت ہوئے۔ عابد علی بھی جوہر دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 1 سکور بنا کر چلتے بنے، مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم بھی صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور جیمز اینڈرسن کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ کپتان اظہر علی 4 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔ 
انگلینڈ کی جانب سے تینوں وکٹیں تجربہ کار فاسٹ باﺅلر جیمز اینڈرسن نے حاصل کیں جبکہ فاسٹ باﺅلر سٹورٹ براڈ اور جوفرا آرچر بھی جلد کامیابی کے حصول کی خاطر تابڑ توڑ حملوں میں مصروف رہے تاہم کھیل ختم ہونے سے پہلے کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ 
قبل ازیں میچ کے دوسرے روز زیک کرالی اور جوز بٹلر نے 332 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو کسی پاکستانی باﺅلر کی ایک نہ چلنے دی۔ دونوں نے پراعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 359 رنز جوڑے اور مجموعی سکور 486 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر زیک کرالی اسد شفیق کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہو گئے، انہوں نے انتہائی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 267 رنز بنائے جبکہ جوز بٹلر نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا جنہوں نے 152 رنز بنائے اور فواد عالم کی گیند پر ان کے ہاتھوں ہی کیچ ہو گئے۔ دیگر بلے بازوں میں کرس ووکس 40، ڈومینک بیس 27 اور سٹورٹ براڈ 15 رنز بنا سکے۔ 
پاکستان کی جانب سے فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی، لیگ سپنر یاسر شاہ اور آل راﺅنڈر فواد عالم نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نوجوان فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ اور اسد شفیق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
یاد رہے کہ ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو صرف 12 کے مجموعی سکور پر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی کامیابی دلا دی اور روری برنز کو 6 کے انفرادی سکور پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ انگلینڈ کی دوسری وکٹ 73 کے مجموعی سکور پر گری اور ڈومینک سبلی 22 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 
کپتان جو روٹ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 29 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوئے جبکہ 127 کے مجموعی سکور پر یاسر شاہ نے اولی پوپ کو کلین بولڈ کر دیا جنہوں نے صرف 3 رنز بنائے۔ زیک کرالی اور جوز بٹلر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 202 رنز جڑے اور ٹیسٹ میچ پر اپنی ٹیم کی گرفت مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ زیک کرالی 171 رنز اور جوز بٹلر 87 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں جو میچ کے دوسرے روز نامکمل اننگز آگے بڑھائیں گے۔ 

مزید :

کھیل -