کنٹونمنٹ بورڈز بلدیاتی انتخابات پریذائیڈنگ آفیسرز کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دے دیئے
لاہور (نامہ نگار) ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات 12 ستمبر کو ہو رہے ہیں۔الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنے کے بعد پولنگ عملے کی تربیت شروع کر دی ہے۔ پہلے مرحلے میں پریذائیڈنگ آفیسر اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز کی تربیت شروع ہو چکی ہے۔ دوسرے مرحلے میں پولنگ آفیسر سمیت دیگر عملے کی تربیت کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں پریذائیڈنگ آفیسرز کو تین دن کے لئے مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ تاکہ پولنگ اسٹیشن پر امن امان میں خلل پیدا کرنے کے ذمہ داران کو فوری سزا دی جاسکے۔ پولنگ عملے کو بتایا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن میں ووٹر موبائل فون استعمال نہیں کر سکے گا۔ پولنگ عملے کو تربیت کورس کے دوران بیلٹ پیپرز سمیت دیگر پولنگ سامان اور فارم استعمال کرنے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ اور یہ ہدایات دی جا رہی ہیں کہ وہ ووٹوں کی گنتی اور ابتدائی نتائج امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں مرتب کریں اور ان کی کاپی پولنگ ایجنٹس کو وصول کرائیں اور پھر نتائج متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کو جمع کرائے بغیر گھر نہ جائیں۔
بلدیاتی انتخابات