ماں کا دودھ نوزائیدہ بچوں کیلئے اللہ کی نعمت ہے،سردار الفرید ظفر
لاہور(جنرل رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ ماں کا دودھ نوزائیدہ بچوں کیلئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کیا گیا خاص تحفہ اور پہلی قدرتی ویکسین ہے جو دیگر نعمتوں کے ساتھ ساتھ نومولود بچے میں قوت مدافعت کو بڑھا کر متعدد پیچیدہ امراض سے محفوظ رکھتا ہے۔بچہ مضبوط اور توانا طور پر پروان چڑھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں ماں کے دودھ کے نوزائیدہ بچوں پر جسمانی و دیگر اثرات کے موضوع پر منعقدہ لیکچرز میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر رابعہ اقبال اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ شمیم بھی اس موقع پر موجودتھیں جنہوں نے اس موضوع پراظہارخیال بھی کیا۔ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے کہا کہ ماہرین اطفال نے صرف کسی مجبوری کی حالت میں ہی فارمولہ ملک یعنی ڈبے کا دودھ پلانے کی اجازت دی ہے تاہم طبی ماہرین کا متفقہ طور پر یہ فیصلہ ہے کہ ڈبے کا دودھ ماں کے دودھ کا کسی طور بھی نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ڈاکٹر رابعہ اقبال نے کہا کہ حکومت نے بریسٹ فیڈنگ کے حوالے سے قانون سازی بھی کی ہے اور بچہ وارڈ میں ڈبے کا دودھ بنانے والے کمپنیوں کے نمائندوں پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ فارمولہ ملک کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ شمیم نے کہا کہ خواتین میں اپنے بچوں کو دودھ پلانے کے لئے متعلقہ شعبہ جات اوروارڈز میں تعینات ڈاکٹرز و نرسز کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ زیر علاج یا ڈلیوری کے لئے آنے والی حاملہ خواتین کو اپنے ہونے والے بچے کو چھاتی کے دودھ پلانے کے فوائدکے بارے میں زیادہ سے زیادہ شعور و آگاہی دیں۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ویژن کے مطابق صوبے میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیر سے زچہ و بچہ کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں گی اوریہ پہلی حکومت ہے جس نے ماں اور بچے کے لئے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایسا منفرد قدم اٹھایا ہے جس کی پہلے کوئی مثال نہیں تھی۔