پرہجوم مقامات پر خواتین کے تحفظ کیلئے موثر انتظامات کئے جائیں:عثمان بزدار

پرہجوم مقامات پر خواتین کے تحفظ کیلئے موثر انتظامات کئے جائیں:عثمان بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خواتین کو ہراساں کرنے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعات میں ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔ خواتین کو ہراساں کرنے والے ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے فی الفور ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعات یا پرہجوم مقامات پر خواتین کے تحفظ کیلئے موثر انتظامات کئے جائیں۔ایسے مقامات پر پولیس فورس کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ایسے عناصر قانون کے تحت سخت سزا کے حق دار ہیں۔خواتین قابل عزت ہیں، انہیں پورا تحفظ دیں گے۔ان واقعات میں نا صرف انصاف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں رکن صوبائی اسمبلی محمد امین ذوالقرنین نے ملاقات کی۔ پی پی 170 لاہور سے ایم پی اے محمد امین ذوالقرنین نے علاقے کی ترقی کیلئے فنڈز کی فراہمی پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر لاہور کی ترقی کیلئے بے مثال منصوبوں پر کام کا آغاز کیا ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے زندہ دلان لاہور کو بے پناہ سہولتیں ملیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس ترتیب دیئے گئے ہیں۔ ماضی میں لاہور سمیت بعض شہروں میں بغیر پلاننگ کے منصوبے شروع کئے گئے۔نمائشی منصوبوں کے باعث صوبے کے خزانے پر بے پناہ بوجھ پ ڑا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے لاہور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے باقاعدہ حکمت عملی کے تحت منصوبے بنائے ہیں۔لاہور میں شیرانوالہ فلائی اوور، شاہکام چوک فلائی اوور اور گلاب دیوی انڈر پاس کے منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ان منصوبوں کی تکمیل سے ٹریفک کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا اور لاہور کے شہریوں کو آمدورفت کی بے پناہ سہولتیں میسر آئیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور میں بارش کے پانی کے بروقت اخراج اور ذخیرہ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینکس بنانے کے منصوبے بھی بن رہے ہیں۔لاہور میں مجموعی طور پر 11 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔لارنس روڈ پر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ کشمیر روڈ اور شیرانوالہ گیٹ کے قریب انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک بنانے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی نمودونمائش کے منصوبوں کی جگہ عوامی ترجیحات کو مدنظر رکھا گیاہے۔
عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -