وزارت توانائی کی رپورٹ حکومتی کارکردگی کیخلاف چارج شیٹ،نا اہلی اور کسے کہتے ہیں؟شہباز شریف

وزارت توانائی کی رپورٹ حکومتی کارکردگی کیخلاف چارج شیٹ،نا اہلی اور کسے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(جنرل رپورٹر،نیوزایجنسیاں) مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام سے وعدے پورے نہ کرسکی۔تفصیلات کے مطابق گردشی قرض میں ہوشربا اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ تین سال میں عوام کے ساتھ ملک پر بھی مالیاتی بوجھ بڑھتا جارہا ہے، یہ کیسی مینجمنٹ ہے؟بجلی کی قیمت بڑھ گئی، سبسڈیز میں کٹوتی ہوگئی، پھر بھی گردشی قرض بڑھ گیا؟ چوری اور نااہلی اور کیا ہوتی ہے؟ عوام کو بجلی کی قیمت بھی زیادہ ادا کرنا پڑی اور گردشی قرض بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے،پی ٹی آئی نے تین سال میں صرف ایک کام کیا ہے کہ بجلی کے شعبے کا سارا ملبہ اور بوجھ عوام کے سر ڈال دیا ہے، وزارت توانائی کی رپورٹ پی ٹی آئی حکومت کے تین سال کی کارکردگی کے خلاف چارج شیٹ اور چشم کشا ہے، تین سال میں گردشی قرض دوگنے سے زیادہ ہو کر 2.5کھرب ہوگیا ہے، پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے پر یہ قرض تقریبا 1کھرب تھا،بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرکے بھی گردشی قرض دوگنا ہونا نا نااہلی کی انتہانہیں تو اور کیا ہے؟ بجلی کی ترسیل میں نقصانات، بجلی کے بلوں کی وصولیوں سمیت توانائی کے شعبے کا ہر پہلو افسوسناک ہے، انہوں نے کہا کہ  دسمبر 2020تک گردشی قرض صفر کرنے کے پی ٹی آئی کے دعوے بھی تین سال میں منہ کے بل گر چکے ہیں۔دوسری جانب شہباز شریف کی صدارت میں بلوچستان میں پارٹی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس ہوا،جس میں سعد رفیق، ایاز صادق، جمال کاکڑ سمیت دیگر سینئررہنماؤں نے شرکت کی۔ملاقات میں جمال شاہ کاکڑ نے اپنی رپورٹ پیش کی جبکہ بلوچستان میں نواب ثناء اللہ زہری عبد القیوم بلوچ سمیت لیگی رہنماؤں کی جماعت سے علیحدگی کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا، ملاقات میں پی ڈی ایم کی تحریک اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے جلد بلوچستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد مسلم لیگ ن میں بڑے پیمانے پر بلوچ سیاسی رہنماؤں کی شمولیت کا امکان ہے۔شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے قائد کا بیانیہ ہر صوبے میں مضبوط اور مقبول ہو چکا ہے، ن لیگ نے عوامی خدمت کے ریکارڈ کام کیے، اس ناکام حکومت کی تین سالہ کارکردگی صفر ہے۔ بلوچستان سمیت ملک بھر میں نون لیگ کی مقبولیت کی وجہ نون لیگ کے خوشحال پاکستان وثرن اور ترقی کا سفر ہے۔
شہبازشریف

مزید :

صفحہ اول -