سپورٹس راؤنڈ اپ

سپورٹس راؤنڈ اپ

  

رافیل نڈال یو ایس اوپن سے باہر ہوگئے

اسپینش ٹینس اسٹار رافیل نڈال یو ایس اوپن سے باہر ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاؤں میں انجری کے باعث مایہ ناز ٹینس پلیئر رافیل نڈال کا 2021 سیزن ختم ہوگیا۔واضح رہے کہ رافیل نڈال گزشتہ ہفتے سنسناٹی اوپن اور کینیڈین اوپن بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

اولمپک میں کارکردگی کیلئے سال چھ ماہ کی پریکٹس کافی نہیں، محمد خالد محمود

سیکریٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن محمد خالد محمود کاکہنا ہے کہ اولمپک میں کارکردگی کیلئے سال چھ ماہ کی نہیں پندرہ پندرہ سال کی پریکٹس ہوتی ہے۔ محمد خالد محمود نے بتایا کہ 2018 میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کو خط لکھا تھا کہ اپنا چار سال کا پلان بھجوایا ہے، جب تک کھلاڑیوں کو سہولیات اور اچھے کوچز نہیں ہوں گے میڈل کی توقع نہ رکھیں۔محمد خالد محمود کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں تحصیل اور ڈسٹرکٹ لیول پر اسپورٹس اسٹراکچر کا برا حال ہے۔سیکریٹری جنرل نے کہاکہ یکم جنوری کو 2019کو سپریم کورٹ کا فیصلہ تھا کہ حکومت پی او اے میں مداخلت نہیں کرسکتی، حکومت کسی بھی قانون کے تحت صدر پی او اے سے استعفے کا مطالبہ نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اپنی ذمہ داری پوری کی، وزیراعظم اور دیگر متعلقہ اداروں کو ضروری بریفنگ بھی دی ہے، حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان اولمپک کمیٹی کو نقصان پہنچایا جائے،سیکریٹری پی او اے نے مزید کہاکہ پی او اے پر کوئی حرف آتا ہے تو دوسری رائے نہیں کہ ملک میں ساوتھ ایشن گیمز نہیں ہوں گی، اولمپک چارٹر کے خلاف کسی ایکشن کا پاکستان کو نقصان ہوگا۔

          تین سال میں ہاکی فیڈریشن کو ایک ارب روپے ملے، بریگیڈر (ر) خالد سجاد

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سربراہ بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 3 سال کے عرصے میں ایک ارب روپے ملے۔ پی ایچ ایف کے صدر کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اگر فیڈریشن کو پیسے ملے تو غیر ملکی کوچ لے کر آئیں گے۔اخراجات کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سب پیسے خرچ ہوگئے، ہاکی ٹیم نے غیر ملکی دورے کئے، ٹیم کے کیمپ لگے، جونیئر ہاکی ٹیم آسٹریلیا گئی، وہاں گولڈ میڈل جیتی، سیف گیمز میں بھارت کو ہم نے دو بار ہرایا۔پی ایچ ایف کے صدر کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم عالمی درجہ بندی میں اٹھارویں نمبر پر ہیں، البتہ ماضی میں اگر ہم پرو لیگ میں چلے جاتے تو ہم آج نا صرف اولمپکس میں جاتے، بلکہ ہماری رینکنگ بھی شاید 7 یا 8 ہوتی اور ہم پر جرمانہ بھی نا ہوتا۔

افغانستان کی خواتین فٹ بال ٹیم کی کپتان کا فیفا سے ساتھی کھلاڑیوں کو بچانے کا مطالبہ

امریکا میں مقیم افغان فٹ بال کپتان شبنم موباریز نے عالمی فٹ بال گورننگ باڈی فیفا سے مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت کرے اور ان کے ساتھیوں کو طالبان سے بچائے کیونکہ طالبان نے گزشتہ ہفتے ملک پر قبضہ کر لیا ہے۔طالبان کی افغانستان میں فتح کے بعد، افغان خواتین کا مستقبل غیر یقینی ہے کیونکہ طالبان نے (1996-2001) تک اپنی حکمرانی کے دور میں خواتین کو بری طرح ظلم کا نشانہ بنایا۔افغانستان کی قومی خواتین فٹ بال ٹیم کی کپتان شبنم موباریز نے فیفا سے اپنی ساتھی کھلاڑیوں کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔شبنم موباریز نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ساتھی کھلاڑی کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بارے میں بتایا ہے۔

جاپان، فارمولا ون گراں پری کورونا کے باعث ملتوی

کورونا وائرس پھر کھیلوں پر حملہ کرنے لگا، جاپان میں شیڈول فارمولا ون گراں پری جان لیوا وبا کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی۔رواں ماہ جاپان میں ٹوکیو اولمپکس کا میلہ ختم ہوا، جس دوران کورونا وائرس کے کیسز آتے رہے لیکن گیمز کو مکمل کر دیا گیا، وبائی وائرس کے پھیلنے کے پیش نظر آئندہ ہفتے شیڈول فارمولا ون گراں پری کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ایک پلان کے تحت کار ریس کو اکتوبر تک موخر کرنے کا بھی پروگرام بنا لیکن جاپانی وزارت صحت نے اس کی بھی منظوری نہ دی جس پر ایف ون جاپان گراں پری کے انعقاد کو ختم کر دیا گیا۔

ٹوکیو اولمپکس میں میڈل جیتنے والی پولش خاتون ایتھلیٹ نے انسانیت کی بہترین مثال قائم کردی

 ٹوکیو اولمپکس میں میڈل جیتنے والی پولش خاتون ایتھلیٹ نے انسانیت کی بہترین مثال قائم کردی۔جیولین تھرو ایونٹ کی سلور میڈلسٹ ماریہ ایندرے جیکزک نے 8 ماہ کے بچے کی ہارٹ سرجری کیلیے اپنا میڈل نیلام کردیا۔پولینڈ میں اسٹورز کے ایک بڑے ادارے نے ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر کی رقم ادا کرکے میڈل ماریہ کو واپس لوٹا دیا، پولش خاتون ایتھلیٹ کے اس عمل کو دنیا بھر میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -