سمندر میں اونچی لہریں بننے لگیں، جہاز کو نکالنے کا آپریشن شروع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سمندر میں اونچی لہریں بننے کے بعد کلفٹن کی ریت میں پھنسنے والے جہاز کو نکالنا آسان ہوگیا۔19 جولائی کو کلفٹن کی ریت میں پھنسنے والے جہاز کو اب تک نہیں نکالا جاسکا ہے۔ جہاز نکالنے کے لیے لائی جانے والی کرین بارج بھی 11 اگست سے ریت میں پھنسی ہوئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے پہلے کرین بارج کو ریت سے نکالا جائے گا۔ کرین بارج کے آپریشن میں شامل نہ ہونے کی وجہ سے ٹگ بوٹس پر زیادہ زور پڑتا ہے، جس سے وہ خراب ہو جاتی ہیں۔سمندر میں پھر اونچی لہریں بننا شروع ہوگئیں ہیں۔ جہاز کے اطراف اونچی لہریں بننے سے جہاز اپنا رخ تبدیل کررہا ہے، جس سے پل کرنے میں مدد ملے گی۔جہاز سے کرین بارج اور ٹگ بوٹس تک نائیلوں اور آئرن مکس رسہ باندھا جائیگا۔11 سو میٹر لمبے رسے سے جہاز کو پل کرنے میں رسہ مددگار ثابت ہوگا۔ جہاز کو نکالنے کا آپریشن اتوار سے متوقع ہے۔