پی پی سندھ میں حکومتی کارکردگی عوام کے سامنے لائے، حنید لاکھانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وسربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے پیپلز پارٹی کی جانب سے حکومت کی تین سالہ کارکردگی کا ریکارڈ مانگنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سے تین سالہ ریکارڈ مانگنے والے سندھ میں تیرہ سالہ صوبائی حکومت کی کارکردگی عوام کو پیش کریں، پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کی عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر دھوکہ دیا، اٹھارویں ترمیم کے نام پر اربوں روپے کا فراڈ کرنے والے وفاقی حکومت سے کارکردگی رپورٹ مانگ رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ تیرہ سالوں سے سندھ میں لوٹ مار اور کرپشن کے پیسے سے عیاشیاں کر رہی ہے، پیپلز پارٹی کے سارے لیڈر کرپشن اور لوٹ مار کے کیسز میں پیشیاں بھگت رہے ہیں، پی پی کا کوئی بھی ایسا وزیر نہیں ہے جو کرپشن میں کسی نہ کسی طرح شامل نہ ہو، پیپلز پارٹی کی ریکارڈ کرپشن پر اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکار ڈ میں شامل ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ بھٹو کے نام پر سندھ کی معصوم عوام کو بے وقوف بنانے والوں کے دن بہت تھوڑے ہیں بہت جلد پیپلزپارٹی کی سیاست سندھ سے بھی ختم ہوجائے گی، تیرہ سالوں میں پیپلز پارٹی نے صوبہ سندھ کو تباہ کردیا ہے پورے صوبے میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اندرون سندھ کے گاؤں اور گوٹھوں میں رہنے والے غریب لوگ تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، روزگار سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں