اقوام متحدہ کے دو خصوصی طیارے کابل سے اسلام آباد پہنچ گئے
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن) افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلاءکا سلسلہ جاری ہے ، آج اقوام متحدہ کے دو خصوصی طیارے غیرملکیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچے ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ایوی ایشن ذرائع کےحوالے سے کہا کہ حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کابل سے ٹیک آف کرنے والی اقوام متحدہ کی خصوصی پرواز یو این او 201 نے اتوار کی صبح 11 بج کر 8 منٹ پر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا، اسی ادارے کی دوسری پرواز یو این او 202 نے 11 بج کر 24 منٹ پر اسلام آباد لینڈنگ کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران امریکی ائیرفورس کے درجن سے زائد طیارے افغانستان میں پھنسے غیر ملکیوں اور افغانیوں کو دیگر ممالک میں منتقل کر چکےہیں ۔
رائل ائیر فورس کا کابل سے دبئی آپریشن جاری ہے، رائل آسٹریلین ایئر فورس کے طیارے بھی کابل سے دبئی آ اور جا رہے ہیں جبکہ اسپین ائیرفورس کا طیارہ بھی یو اے ای اور کابل کے درمیان متحرک ہے۔