قاسم علی شاہ کی مکمل فلم کب آئے گی؟

Aug 22, 2021 | 07:52 PM

مناظرعلی

ممکن ہے میں اپنی اس سوچ میں غلط ہوں مگر یہ ضروری نہیں کہ آپ کی اور میری سوچ ایک ہی جیسی ہو،یہ بھی حقیقت ہے کہ کوئی کسی پراپنی سوچ مسلط بھی نہیں کرسکتا۔جب کوئی شخصیت ہمارے معاشرے میں کچھ محنت کرکےمقام حاصل کرتی ہےتو پھر ہم میں سےہرکوئی اسےاپنی اپنی سوچ کےزوایےسے دیکھتا ہے،کوئی اسے محنت کا نتیجہ سمجھتاہے تو کوئی اپنی سوچ کےدائرے میں رہتے ہوئے دھوکہ قرار دیتاہے، کسی بھی مشہورشخصیت کودیکھنے،سننے اورملنے والوں کی تعداد اس کے عہدے کے حساب سے ہوتی ہے البتہ وہ ہزاروں سے لاکھوں اور پھرکروڑوں،اربوں افراد میں معروف ہوسکتاہے،ان شخصیات میں ترقی کی اعلیٰ منازل کی طرف تیزی سے بڑھنے والی وہی شخصیات ہوتی ہیں جومثبت سوچ کیساتھ آگے بڑھتی رہتی ہیں اورمنفی لوگوں اورمنفی باتوں کودماغ پرسوار نہیں ہونے دیتیں۔

انہیں شخصیات میں سےپاکستان کےمشہورموٹیویشنل سپیکر،استاداورہزاروں مایوس دلوں کو امیدکی طاقت دے کر زندگی میں کامیابی کے گرسکھانے والے،غصے کاسامنا بھی مسکراہٹ سے کرنے والے،لڑائی کاجواب حکمت عملی سے دینے والے،کردار کشی کرنے والوں کے بھی کردار پر انگلی نہ اٹھانے والےاورمخالفین کو بھی مستندجواب دینے والےسیدقاسم علی شاہ ہیں۔۔۔میرے بہت سے اہل قلم،اہل صحافت اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دوست سید قاسم علی شاہ کی کاوشوں کو سراہتے ہیں لیکن چند احباب نجانے کیوں ان سے خفا رہتے ہیں،وجہ بھی نہیں بتاتے کہ وہ اس مسکراتے چہرے والے انسان سے کیوں ناراض رہتے ہیں؟۔۔۔

خیرقاسم علی شاہ تو ایک ستارہ ہےجس نے چمکتےرہناہےاورمیری دعاہےکہ وہ ہمیشہ چمکتاہی رہےمگر مخالفین کو بے بنیاد باتوں سے کیا مل رہاہے اور کیاملے گا؟؟یہ میری سمجھ سے بالاہے البتہ وہ پوچھنے سے بھی بتاتے نہیں کہ آخراس خفا رہنے کی کیفیت کے پیچھے کیا عوامل کار فرما ہیں؟؟؟
ہفتے کے روز میں اپنے دفترمیں بیٹھاتھاکہ میرے ایک دوست نے مجھے انباکس میں کچھ تصاویر بھیجیں اورساتھ یہ بھی لکھاکہ ابھی یہ ٹیزرہے،پوری فلم کا چند لمحے انتظار کریں،میں نے تصاویر کو ڈاون لوڈ کرکے غورسے دیکھا، پھر پاس بیٹھے ایک ایکسپرٹ دوست کو دکھائیں تاکہ پتہ چل سکے کہ یہ تصاویر اصلی ہیں یا کسی سافٹ وئیرکی مدد سے بنائی گئی ہیں،ہم دونوں اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ تصاویر اصلی ہیں،اب مجھے ان تصاویر کو دیکھ کر کوئی حیرت نہیں ہوئی کیوں کہ میری اپنی کتنی ہی تصاویرہیں جو اس سے ملتی جلتی ہیں،بندہ کسی وقت اپنے بچوں کیساتھ،فیملی کیساتھ ایسی حالت میں ہوتاہے اور میراخیال ہے کہ زیادہ تر لوگ ایسے ہی ہیں کہ وہ اپنے گھر میں جو چاہتے ہیں زیب تن کرتے ہیں کیوں کہ اگر انہوں نے اپنے گھر میں بھی ہروقت سوٹ پہن کر،جینزکس کر،ٹائی لگا کریا اس طرح کی ڈریسنگ میں رہنا ہے تو پھر وہ اپنے جسم کو آرام کب دیں گے؟۔۔کیسے دیں گے؟ اور ایسی شخصیات جو لوگوں کی بھلائی کے لیے دن رات ایک کرتے ہیں،اپنے اہلخانہ کے لیے رزق حلال کمانے کے لیے زیادہ سے زیادہ محنت کرتے ہیں،انہیں تو زیادہ پرسکون رہنے کی ضرورت ہے۔۔۔تو پھرہم کیوں کسی بھی انسان کاایک خاص خاکہ تیار کرلیتےہیں کہ وہ ہر وقت ہمیں ویسا ہی نظر آئے جیسا تقریب میں تھا،جیسا سٹیج پر تھا۔۔جیسا ویڈیو میں تھا۔۔۔

آپ میں سے اگر کچھ کےعلم میں یہ بات ہو تو پھر وہ جانتے ہوں گے کہ اینکرز،اداکاراور چھوٹی بڑی سکرین پر نظر آنے والے لوگ اپنی نجی زندگی میں بالکل مختلف ہوتے ہیں،میں نے چونکہ ایسی شخصیات کو قریب سے دیکھاہے بلکہ کتنے ہی لوگ میرے دوستوں میں شمار ہوتے ہیں تو مجھے یہ بالکل عجیب نہیں لگاجب قاسم علی شاہ کی تصاویرمجھے واٹس ایپ کی گئیں،البتہ ٹیزرکے بعد فلم کا ابھی تک انتظار ہے۔
البتہ میں یہ ضرور کہوں گا کہ قاسم علی شاہ کے بارے میں مجھے نہیں لگتا کہ وہ انسان کسی ایسی فلم کا کبھی کرداررہاہو جس کے ریلیز ہونے کا انتظار کیاجارہاہے،میری  اُن سے شناسائی سے پہلے کئی ایسے لوگوں سے شناسائی ہے جو قاسم علی شاہ کو شاید مجھ سے بھی زیادہ جانتے ہیں،یہ الگ بات ہے کہ میں اس ممکنہ فلم ریلیز ہونے پریقین نہیں رکھتامگر پھر بھی میں نے قاسم علی شاہ کے قریبی دوستوں سے پوچھا کیوں کہ میں ان کی ذات پر لکھنے سے پہلے اپنے ذرائع سے معلومات لینا چاہتاتھا تاکہ اگرسٹوری میں خدانخواستہ کچھ ایسا ہے تو پھر میں ان پرایک اوربلاگ لکھنےسے باز رہوں مگر مجھے سبھی نے پورے وثوق سے یقین دلایاکہ وہ بھی انسان ہے،اس سے بھی غلطیاں ہوتی ہوں گی لیکن جس ممکنہ فلم کا سبھی کو انتظار ہے،وہ کبھی نہیں آئے گی کیوں کہ ایسی کوئی فلم ہو ہی نہیں سکتی،زیادہ سے زیادہ یہ ہوسکتاہے کہ ان کی فیملی کی تصاویر کو ایڈٹ کرکے غلط رنگ دیاجائے اور یہ مخالفین کی انتہائی گھٹیا حرکت ہوگی جیسا کہ وہ پہلے بھی کرچکے ہیں۔۔۔
میں معاشرے کے سبھی افراد سے گزارش کرنا چاہوں گاکہ اگر کسی کو قاسم علی شاہ سے اختلاف ہے تو وہ اس کاحق ہے مگر بے بنیاد پروپیگنڈا آخر کار بے نقاب ہوکر ہی رہتاہے لہذا جو یہ تصاویر ثواب دارین سمجھ کر دھڑا دھڑ شئیرکررہے ہیں،وہ سوچیں کہ وہ کیا کررہے ہیں؟۔۔۔۔ایک منٹ کے لیے فرض کرلیں کہ قاسم علی شاہ کی کوئی فلم کسی خفیہ مقام پر موجود ہے تو بھی یہ تصاویر شئیر کرنے اور اس فلم کی قبل از وقت تشہیرکاکیا فائدہ؟۔۔۔۔جب آئے گی سب دیکھ لیں گےمگرجھوٹ کی تشہیرکسی طورپر بھی مناسب نہیں بلکہ جھوٹوں پر اللہ تعالیٰ بھی لعنت فرماتاہے۔
یہ بھی کیسا اتفاق ہے،،بلاگ کی آخری سطرلکھ رہاتھا کہ ایک دوست نے کمرے میں داخل ہوتے ہی ایک سوال کیا،حالانکہ اسے یہ معلوم نہ تھا کہ میں کیا لکھ رہاہوں،اس سوال نے مجھے بلاگ کا عنوان دیدیا۔۔۔ویسے وہ پوچھ رہاتھا کہ قاسم علی شاہ کی مکمل فلم کب آئے گی؟۔

(بلاگر مناظرعلی مختلف اخبارات اور ٹی وی چینلز کے نیوزروم سے وابستہ رہ چکے ہیں، آج کل لاہور کے ایک ٹی وی چینل پر کام کررہے ہیں۔ عوامی مسائل اجاگر کرنے کےلیے مختلف ویب سائٹس پر بلاگ لکھتے ہیں۔ ان سے فیس بک آئی ڈی munazer.ali پر رابطہ کیا جاسکتا ہے)

نوٹ:یہ بلاگر کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزیدخبریں