صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا راجن پور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ، تفصیلی بریفنگ

Aug 22, 2024 | 12:55 AM

راجن پور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق  نے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے ہمراہ راجن پور کا دورہ  کیا ،صوبائی وزیر نے سیلابی پانی سے متاثر علاقوں اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ڈی سی راجن پور و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی ۔ برفنگ میں بتایا گیا کہ نشیبی علاقوں سے  نکاسیٔ آب کا عمل جاری ہے ،گزشتہ 2 روز میں ریکارڈ بارشوں سے راجن پور کی رود کوہیوں سے اونچے درجے کے سیلابی ریلے گزر ے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبائی وزیر کو امدادی سرگرمیوں کے بارے میں  بریفنگ دی ، بریفنگ کے مطابق پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کو تمام تر وسائل فراہم کر رہا ہے۔500 مچھر دانیاں اور 500 پلاسٹک میٹس مزید فراہم کر دئیے گئے ہیں ۔

خواجہ سلمان رفیق نے فلڈ ریلیف و میڈیکل کیمپس کا بھی دورہ کیا,صوبائی وزیر نے فلڈ ریلیف کیمپس میں فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا,خواجہ سلمان رفیق نے کیمپس میں مقیم شہریوں سے گفتگو بھی کی اور سہولیات  کےبارے  میں دریافت کیا۔کیمپس میں مقیم فیملیز  نے حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار  کیا ۔

 اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب آزمائش کی گھڑی میں اپنے شہریوں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام محکمے الرٹ ہیں،پی ڈی ایم اے کے  الرٹس کے باعث شہریوں کو پیشگی ریسکیو کیا گیا ،انتظامیہ کے بروقت رسپانس سے کو ئی جانی نقصان نہیں ہوا یہ بڑی کامیابی ہے ۔

خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم و انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا ۔

مزیدخبریں