گورنر فیصل کنڈی کا ایران میں زائرین کے بس حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار
پشاور(سٹاف رپورٹر)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایران کے شہریزد میں زائرین کے بس حادثہ پر ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو سے رابطہ کیاہے اور کہاہے کہ متاثرین کو ہرممکن مدد فراہم کی جائے جس پر ایران میں موجود سفیر نے گورنر کو متاثرین کی ہرممکن مدد یقین دہانی کرائی ہے۔دریں اثناء گورنرنے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلاتے ہوئے کہاہے کہ جائے حادثہ قونصل خانے سے نو سو کلو میٹر دور ہے پاکستانی سفیر خود امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں، یزد میں پاکستانی زائرین کی شہادت افسوسناک ہے،صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اس حوالہ سے انتہائی دکھ کا اظہار کیا ہے اورصدر پاکستان نے سندھ حکومت کو حادثہ متاثرین کے اہل خانہ سے فوری رابطہ کی ہدایات جاری کی ہیں۔متاثرین کا تعلق لاڑکانہ سے ہیں انکے لواحقین کو بھرپور حکومتی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ گورنرنے کہاہے کہ بس حادثہ کے شہداء کی میتوں کے حصول کے لیے صدر زرداری اور چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اوربس حادثہ پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فوری طور پر ایرانی حکام سے رابطہ بھی کیاہے۔گورنرنے حادثہ کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیئے دعا کی ہے۔ انہوں نے شہید ہونے والے زائرین کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے ایرانی حکام کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کو بھی خوش آئندقراردیاہے۔