وفاقی حکومت سمیت دیگر حکام کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دیدی
لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے انٹرنیٹ سروس میں خلل اور اس کی سست رفتاری کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت سمیت دیگر حکام کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دیدی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست پر سماعت کی جس میں انٹرنیٹ سروس میں خلل و سستی رفتاری کی نشاندہی کی گئی۔ پی ٹی اے کے وکیل چودھری عمر نے جواب داخل کرایا اور بتایا سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے انٹرنیٹ کی سہولت متاثر ہوئی اور زیر سمندر انٹرنیٹ کیبل کی مرمت کا کام جاری ہے، وکیل نے امکان ظاہر کیا 28 اگست تک کیبل تقریباََ درست اور انٹرنیٹ کا مسئلہ حل ہو جائیگا، درخواست گزار وکیل نے نشاندہی کی کہ انٹرنیٹ فائر وال کی وجہ سے ٹھیک کام نہیں کر رہا، وکیل ندیم سرور کے مطابق عوام کی آواز کو کنٹرول کرنے کیلئے فائر وال نصب کی جارہی ہے، عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو باور کرایا درخواست میں انٹرنیٹ خراب ہونے کی تاریخوں کو ذکر کیوں نہیں کیا، انٹرنیٹ رفتار کم ہونے کی تاریخیں شامل کریں، عدالتی استفسار پر وفاقی حکومت کے وکیل نے استدعا کی جواب داخل کرانے کیلئے وقت دیا جائے، عدالت نے استدعا منظور کر لی جبکہ درخواست گزار کے وکیل کو ترمیم کرنے کی اجازت دیدی، درخواست پر آئندہ سماعت 27 اگست کو ہوگی۔
وفاق مہلت