کم لاگت میں اہل خانہ کو پیسے بھیجنے کا آسان طریقہ سامنے آ گیا، پاکستانی تارکین وطن کیلئے خوشخبری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم شہبازشریف نے اوورسیز پاکستانیوں کو رقوم پاکستان میں اپنے اہل خانہ کو بھیجنے میں سہولت فراہم کرنے کیلئے شاندار منصوبے ’بونا –راست کنکٹیوٹی ‘کا اجراء کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق اعلامیے میں کہا گیاہے کہ ادائیگیوں کا ڈیجیٹل نظام راست عرب مانیٹری فنڈ کے تحت منسلک کر دیا گیا ہے ، اوورسیز پاکستانیوں کے رقوم بھجوانے کے تیز ، موثر اور کم لاگت منصوبے کا نفاذ کیا گیاہے ، عرب ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو کم لاگت میں رقوم بھجوانے کی سہولت ہو گی ، رقوم منتقلی میں آسانی کے ساتھ ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ’بونا –راست‘ کنیکٹیوٹی منصوبے کے نفاذ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بونا –راست پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان بڑا قدم ہے ، بونا –راست کنکٹیوٹی ایک اہم منصوبہ ہے ، یہ پاکستان کا پہلا کراس بارڈر رقوم منتقلی کا نظام ہے ، بونا –راست پاکستان کو عرب ممالک سے ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت دے گا ، اس منصوبے سے بیرون ملک پاکستانی مستفید ہوں گے ۔شہباز شریف کا کہناتھا کہ بونا –راست منصوبے سے حوالہ اور ہنڈی کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے گی ۔