ہاٹی میکانائزیشن سروس سینٹر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے،سیکرٹری زراعت

ہاٹی میکانائزیشن سروس سینٹر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے،سیکرٹری زراعت

لاہور (اے پی پی)سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی میں کسان کا حصہ نمایاں ہے ،ترقی اور خوشحالی کی عمارت کی بنیاد کسان ہی رکھتا ہے ،ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کسان وہ محنت کش ہے جو مٹی کے ڈھیلے توڑ کر معیشت کے تار جوڑتا ہے، اس صداقت میں کوئی کلام نہیں کہ کسان محنت کے جذبہ سے سرشار ہے،وہ لگن اور جذبہ سے اپنے کام میں مصروف رہتا ہے ،ہر خاص و عام ہمارے کسان کے محنتی ،فرض شناس اور دیانتدار ہونے کا معترف ہے ، انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت کسان کو بہترین وسائل فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے، کسان کو جدید سہولتیں فراہم کرنے سے اس کی محنت کے نتائج میں کئی گنا ا ضافہ کیا جاسکتا ہے ،خادم پنجاب کی ہدایت پر کسانوں کی فلاح وبہبود کیلئے دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق کئی منصوبوں پر کام جاری ہے ،ہاٹی میکانائزیشن سروس سینٹر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ، ان سینٹرز کے قیام کا مقصد کسانوں کوجدید مشینری فراہم کرنا ہے ،محکمہ زراعت شعبہ تحقیق کا عملہ اپنے کام میں مصروف عمل ہے تاکہ کسان کو جدید تحقیق سے آگاہ کیا جائے ،ہمارے سائنسدان اورمحققین کسانوں کو زراعت کے جدید تقاضوں سے روشناس کرانے کیلئے لیل ونہار سے بے خبر ہو کر کام کررہے ہیں ،تحقیق کی دنیا میں ہمارے سائنسدانوں نے نام کمایا ہے ،کسانوں کی خدمت ہی ملک و قوم کی خدمت ہے ۔

مزید : کامرس