گورنر سندھ کا دورہ مانچسٹر ، پاک برطانیہ چیمبر آ ف کامرس کی تقریب میں شرکت
کراچی(آن لائن)گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے دور ہ مانچسٹر میں پاک برطانیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب میں پاک برطانیہ سرمایہ کار، صنعت کار ، تاجر اور مختلف شعبوں کے نمایاں افراد سمیت مانچسٹر میں مقیم پاکستانی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب میں مانچسٹر میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل نے گورنر سندھ کے دورہ برطانیہ سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا جسے شرکاء نے بہت پسند کرتے ہوئے اپنے تاثرات میں بتایا کہ آج کا پاکستان پر امن ،خوشحالی کی سمت گامزن اور سرمایہ کاری کے لحاظ سے پر کشش اور بے پنا ہ استعدا کا حامل ہے ۔ گورنر سندھ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں امن و امان کے قیام اور توانائی بحران کے خاتمہ کے بعد سرمایہ کاری ، نئی صنعتوں کے قیام ، تجارتی سرگرمیوں ، معاشی، ثقافتی ، سماجی اور دیگر سرگرمیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، بدقسمتی سے دنیا بھر میں حقیقت کے برعکس منفی تاثر اب بھی قائم ہے جسے زائل کرنے کے لئے دنیا کے مختلف ممالک میں روڈ شوز منعقد کئے جا رہے ہیں جہاں پر سرمایہ کاروں ، صنعت کاروں ، تاجروں اور معاشی سرگرمیوں سے وابستہ افراد کو پاکستان کے اصل حقائق سے آگاہ کیا جا رہا ہے ،دورہ برطانیہسے قبل امریکہ ، دبئی اور دوہامیں منعقدہ روڈ شوز میں بھی معاشی سرگرمیوں سے وابستہ افراد کو جب پاکستان کے اصل حقائق بتائے گئے تو انہوں نے اپنی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ درست معلومات سے آگاہی نہ ہونے کے باعث ہی وہ سرمایہ کار ی کے لحاظ سے پر کشش اہمیت کے حامل پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری سے محروم رہے ہیں ، امریکہ میں سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپور دلچسپی بھی ظاہر کی جو کہ پاکستانیوں کے لئے بہت خوش آئند ہے۔
میرا مانچسٹر کا دورہ بھی دنیا بھر میں منعقدہ روڈ شوز کا تسلسل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان2013 ء سے با لکل مختلف پر امن اور خوشحالی کی سمت گامزن ہے ، ہر شعبہ سے مثبت نتائج ظاہر ہور ہے ہیں ، حکومت کی معاشی پالیسی سے سرمایہ کاری ، تجارت اور صنعتی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ،اس ضمن میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون ، معاونت اور مدد بھی فراہم کررہے ہیں، کراچی میں طویل عرصہ سے منافع بخش کاروبار سے منسلک ملٹی نیشنل کمپنیاں مزید سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی لے رہی ہیں ، امن و امان کے قیام اور توانائی بحران کے خاتمہ کے بعد صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر بھرپور توجہ دی جار ہی ہے ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان ایک آئیڈیل اور پرکشش ہے جبکہ حکومت بھی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد ، تعاون اور معاونت فراہم کررہی ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاری سے بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ یقینی ہے،صوبہ میں زراعت ، انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ ، تعلیم ،صحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی بہت گنجائش ہے ، ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے فوری اور مطلوبہ نتائج سے زائدمنافع یقینی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی خطہ کے اہم ترین مقام پر ہونے کے باعث تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہے ،پاک چین دوستی کا عظیم شاہکار سی پیک کی تکمیل کے بعد گوادر اور کراچی اقتصادی راہداری میں کلیدی اہمیت کے حامل شہر ہونگے جہاں سے دنیا بھر میں تجارت کو فروغ حاصل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے اصل امیج کو اجا گر کرنے کے لئے شہر میں ثقافتی ، ادبی اور کھیلوں سمیت دیگر مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے اس ضمن میں شہر میں انٹر نیشنل تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے آئندہ برس ہونے والے پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو گا ، پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا جائے گا جس میں پاکستان ، بھارت ، انگلینڈ ، سری لنکا ، بنگلہ دیش سمیت دیگر ٹیمیں شرکت کرینگی، اسی طرح انٹر نیشنل میڈیا کانفرنس ،انٹر نیشنل اسکواش ٹورنامنٹ اور پاکستان انٹر نیشنل فلم فیسٹول سمیت دیگر عالمی طرز کی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں ۔ دریں اثنا ء گورنر سندھ محمد زبیر نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے ملاقات بھی کی ۔ملاقات میں امن و امان کے قیام ، انرجی بحران کے خاتمہ اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے حکومتی اقدامات سے انھیں تفصیلی آگا ہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے سفیر ہیں ، پاکستان کے اصل حقائق سے لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے پاکستانیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، محب وطن پاکستانی ہی ملک کا اصل تڑپ اپنے سینے میں رکھتے ہیں ، ملک کی اہمیت کا اندازہ ملک سے باہر رہ کر ہی ہو تا ہے ، پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کا بڑا کردار ہے ان کی خدمات کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے گھر پاکستان کو ٹھیک سمت گامزن کردیا ہے اس کے تسلسل اور معاشی خوشحالی کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں اور ذاتی اختلافات سے بالا تر ملک سب سے مقدم ہے ،ہمیں اسی وژن کے تحت کام کرنا ہوگا ۔ #/s#