تحریک پاکستان کے دوران مسلمان قائد اعظم کی قیادت میں متحد تھے،ارشد چودھری

تحریک پاکستان کے دوران مسلمان قائد اعظم کی قیادت میں متحد تھے،ارشد چودھری

لاہور (جنرل رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں عشرۂ تقریبات یوم قائداعظمؒ کے سلسلے میں کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا وطالبات کے مابین انعامی تقریری مقابلہ بعنوان ’’ ہماری نجات پیغمبر اسلامﷺ کے اسوۂ حسنہ پر چلنے میں ہے( قائداعظمؒ ) ‘‘ منعقد ہوا۔ اس مقابلہ میں طلبا وطالبات کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔ پروگرام کی صدارت گولڈ میڈلسٹ کارکن تحریک پاکستان محمد ارشد چوہدری نے کی جبکہ مقابلہ کے منصفین کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ندیم، پروفیسر تسنیم جعفری اور پروفیسر عمرانہ شوکت نے انجام دیے۔ محمد ارشد چوہدری نے طلبا وطالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران مسلمانان برصغیر قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں متحد ہو گئے اور تمام مشکلات کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔ہندو اور مسلمان ہر لحاظ سے الگ قوم ہیں اور یہی دوقومی نظریہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کاشکر ہے کہ ہم آج آزادفضاؤں میں سانس لے رہے ہیں اگر ہم آزاد نہ ہوتے توہماری حالت شودروں سے بھی بدتر ہونی تھی۔ منصفین کے مرتب کردہ نتائج کے مطابق طالبات کے مابین ہونیوالے مقابلہ میں ثمن یاسین نے اول‘ سدرہ مراد نے دوم‘ سدرہ ذوالفقار نے سوم پوزیشن حاصل کی جبکہ لائبہ جاوید اور بشریٰ غیور کو خصوصی انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔ طلباء کے مابین ہونیوالے مقابلہ میں فرید احمد نے اول‘ شہریارنے دوم‘ حیدر حسن نے سوم پوزیشن حاصل کی جبکہ سلمان طاہر اور حافظ مغیرہ کو خصوصی انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔ دریں اثناء ایوان قائداعظمؒ ،لاہور میں تحریکِ پاکستان کے گولڈمیڈلسٹ کارکن میاں محمد ابراہیم طاہر نے عشرۂ تقریبات یوم قائداعظمؒ کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی لیکچر بعنوان ’’قائداعظم محمد علی جناحؒ سے ملاقات‘‘ کے دوران طلبا وطالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قائداعظمؒ کی جدوجہد کا ثمر ہے۔

نظریہ پاکستان

مزید : میٹروپولیٹن 1