پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی حکماء کیلئے تربیتی ورکشا پ کا آغاز

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی حکماء کیلئے تربیتی ورکشا پ کا آغاز

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے حکماء کی تربیت کے لئے جامع تربیتی پروگرام تشکیل دیا ہے اور اس سلسلے کی پہلی ورکشاپ کاانعقاد گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں کیا،جس میں24 حکماء نے شر کت کی۔اس ورکشاپ میں مریضوں کے معیاری علاج اور دیکھ بھال، ادویات کی فراہمی، مر یضوں کے حقوق کا احترام ، علاج سے متعلق آگاہی، علاج گاہ میں انفیکشن کنٹرول، انتظامی ذمہ داریوں کی نشاندہی اور ان پر عمل درآمد،شعبہ جاتی انتظام اور تحفظ، منظم انسانی وسائل، اور انفارمیشن مینجمنٹ پر جدید معلومات فراہم کی گئیں۔اس تربیت کا مقصد طبی سہولیات کی فراہمی کے کم سے کم معیار ات کے نفاذ کو مطب میں بھی یقینی بنانا ہے۔حرف آغاز میں ڈائریکٹر کلینیکل گورننس اینڈ آرگنائزیشنل سٹینڈرڈز ڈاکٹر مشتاق احمد نے شرکا کو تربیتی ورکشاپ کی افادیت کے بارے میں بتایا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر محمد اجمل خاں نے کہا کہ کمیشن کی جانب سے منعقد کی گئی ان ورکشاپس کا مقصد ایلوپیتھی اور ہومیو پیتھک طریقہ علاج کے علاوہ طبی؂ طریقہِ علاج کے معیار کو مزید محفوظ اور مستند بنانا ہے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن پہلا خود مختار ادارہ ہے جو صوبہ میں صحت کی خدمات کے معیار میں بہتری ، محفوظ اور معیاری بنانے کے لئے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن سرکاری اور غیر سرکاری مراکزِ صحت، ہسپتالوں اور علاج گاہوں میں صحت کی فراہمی کے کم سے کم معیارات کی تیاری، عمل درآمد اور انکی مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔

ہیلتھ کیئر

مزید : میٹروپولیٹن 1