پاکستانی کرکٹرز یوگنڈا میں بالکل محفوظ ہیں، سعید اجمل

پاکستانی کرکٹرز یوگنڈا میں بالکل محفوظ ہیں، سعید اجمل

کمپالا(نیٹ نیوز)قومی ٹیم کے سابق مایہ ناز اسپنر سعید اجمل نے یوگنڈا میں پاکستانی کرکٹرز کے پھنسنے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کرکٹرز یہاں محفوظ اور خوش ہیں۔سپانسر بھاگ گئے اور جاتے جاتے ٹکٹس بھی کینسل کروا گئے جس کی وجہ سے مشکل پیش آئی۔آج وطن پہنچوں گا۔سعید اجمل دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کے ہمراہ یوگنڈا میں موجود ہیں جہاں ان تمام کھلاڑیوں کو ایک ٹی20 لیگ میں شرکت کرنا تھی لیکن چند میچز کے بعد مالی معاملات میں بدعہدی پر لیگ کو منسوخ کردیا گیا۔اس مسئلے کا آغاز اس وقت ہوا جب لیگ کی منسوخی کے بعد بدھ کو کرکٹرز نے واپسی کی فلائٹ میں سوار ہونے کی کوشش کی لیکن انہیں یہ جان کر شدید مایوسی ہوئی کہ لیگ کے ایجنٹ کی جانب سے انہیں جاری کیے گئے ٹکٹ بلاک کردیے گئے ہیں۔ تاہم اس کے باوجود سعید اجمل کا کہنا ہے کہ کھلاڑی یوگنڈا میں کسی بھی قسم کی مشکل میں نہیں ہیں اور ان کے پاس خرچ کیلئے رقم کے ساتھ ساتھ یوگنڈا کرکٹ ایسوسی ایشن کی مکمل حمایت بھی حاصل ہے۔انہوں نے اپنے گروپ کے ہمراہ تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ہم سب محفوظ اور مشرقی افریقہ میں مزے کر رہے ہیں۔سعید اجمل کو امید ہے کہ یوگنڈا کے کرکٹ حکام اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی مدد سے کھلاڑیوں کے واجبات جلد ادا کر دیے جائیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی