بھارت نے پاکستان میں ایشین ایمرجنگ کپ کے انعقاد کی مخالفت کردی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارتی کر کٹ بورڈ(بی سی سی آئی) نے پاکستان میں ایشین ایمرجنگ نیشنز کرکٹ کپ کے انعقاد کی مخالفت کر دی، سری لنکا سمیت دیگر ایشیائی ممالک نے اپنی ٹیمیں پاکستان بھیجنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق 6ملکی ایونٹ کی میزبانی کے حقوق اکتوبر میں لاہور میں منعقدہ اجلاس کے دوران پاکستان کو دئیے گئے تھے ،اس اجلاس میں بھارت شریک نہیں ہوا تھا۔ تاہم اب گزشتہ دنوں دبئی میں ہونے والی میٹنگ میں بھارت نے اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیاہے۔بھارت کا کہنا ہے کہ ہم سے مشاورت کے بغیر میزبان کا انتخاب کیا گیالہذاہم اپنی ٹیم نہیں بھیجیں گے۔ دوسری جانب سری لنکا و دیگر نے ٹیمیں بھیجنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔