اکشے کمار فلم پیڈ مین کیلئے پہلا انتخاب نہیں تھے:ٹوئنکل کھنہ
ممبئی(آن لائن)بالی وڈ اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے کہا ہے کہ اداکار اکشے کمار فلم پیڈ مین کے لئے پہلا انتخاب نہیں تھے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے کہا ہے کہ فلم پیڈ مین میں ارونچلم موروگاننتھم کے کردار کے لئے اداکار اکشے کمار پہلا انتخاب نہیں تھے بلکہ ہدایتکار آر بالکی نے مجھے اس بات پر قائل کیا کہ اکشے کمار کو یہ کردار ادا کرنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ میرے ذہن میں اس کردار کے لئے کچھ اور نام بھی تھے لیکن پھر مجھے لگا کہ اکشے اس کے لئے بہترین انتخاب ہوں گے اور میرا نہیں خیال کہ اکشے سے بہتر اس کردار کو کوئی اور بہتر طریقے سے ادا کر سکتا تھا۔ ہدایتکار آر بالکی کی فلم پیڈ مین میں اداکار اکشے کمار ،سونم کپور اور رادھیکا اپتے نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ جبکہ اداکار امیتابھ بچن فلم میں سپیشل اپیئرینس دیں گے۔ فلم آئندہ سال 26 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔