نیب کے ہاتھوں بینک ڈیفالٹرمفرور ملزم سہیل اخلاق گرفتار

نیب کے ہاتھوں بینک ڈیفالٹرمفرور ملزم سہیل اخلاق گرفتار

لاہور(خبرنگار) نیب لاہور نے مفرور قرار دئیے گئے ملزم سہیل اخلاق کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم سہیل اخلاق پر الزام ہے کہ ملزم نے2006میں نجی بینک سے 3کروڑ روپے مالیت کے قرض حاصل کرتے ہوئے اپنی 2جائیدادیں متعلقہ بینک کے پاس رہن رکھیں جبکہ بعد ازاں ملزم نے مذکورہ جائیدادوں کو غیر قانونی طور پر فروخت کر دیا۔نجی بینک کی جانب سے ملزم سہیل اخلاق کے خلاف 2010میں درخواست موصول ہونے پر نیب لاہور نے انکوائری کا آغاز کیا۔ نیب لاہور کی جانب سے متعدد مرتبہ انکوائری کا حصہ بننے کے نوٹسز ارسال کرنے کے باوجود ملزم کیطرف سے کسی قسم کا رابطہ نہ کیا گیا۔جس پر نیب لاہور نے 2014میں ملزم کیخلاف احتسا ب عدالت میں کرپشن ریفرنس داخل کر دیا اور ملزم کو 2015میں مفرور قرار دیا گیا اور گزشتہ روز خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے نیب لاہور نے ملزم کو ڈی ایچ اے سے گرفتار کر لیا ہے۔

مزید : علاقائی