30روز میں نیا چیئرمین پی ٹی اے مقرر کیاجائے: ہائیکورٹ

30روز میں نیا چیئرمین پی ٹی اے مقرر کیاجائے: ہائیکورٹ

لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سید اسماعیل شاہ کو عہدے سے ہٹانے کی حکومتی یقین دہانی کے بعد حکم دیا ہے کہ 30روز میں نئے چیئرمین پی ٹی اے کا تقرر عمل میں لایا جائے ۔مسٹر جسٹس شاہد کریم نے شیراز ذکاء ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ، درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ چیئرمین پی ٹی اے اسماعیل شاہ کی مدت ملازمت 4 سال سے ختم ہو چکی ہے مگر مدت ملازمت ختم ہونے کے باوجود اسماعیل شاہ بطور چیئرمین کام کر رہے ہیں جبکہ اسماعیل شاہ کا عہدے پر رہنا پی ٹی اے ایکٹ کی دفعہ 3 کی خلاف ورزی ہے ،چیئرمین پی ٹی اے اسماعیل شاہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے، وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت میں بیان حلفی جمع کرواتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو عہدے سے ہٹا دیا ہے اور نئے چیئرمین کی تقرری کی جا رہی ہے ،درخواست غیر موثر ہونے کی بنیاد پر خارج کی جائے، عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے وفاقی حکومت کو حکم دیا ہے کہ اخبار اشتہار جاری کرنے کے بعد تیس روز میں میرٹ پر نئے چیئرمین پی ٹی اے کا تقرر کیا جائے ۔

چیئرمین پی ٹی اے

مزید : علاقائی